وائٹ ہاؤس
یکم مئی، 2022
امریکہ اور دنیا بھر میں مسلمان رمضان کے مہینے کا اختتام کرتے ہوئے عید الفطر کی خوشی منا رہے ہیں۔ اس موقع پر جل اور میں اس پُرمسرت تہوار کی خوشی منانے والے تمام لوگوں کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
عید ایک ایسے مہینے کا اختتام ہے جو عقیدت اور غوروفکر کے لیے وقف ہے جس میں خاندان اور معاشرے کے لوگ خدا کی رحمت کی خوشی منانے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ عید مسلمانوں کے لیے ان لوگوں کو یاد رکھنے کا موقع بھی ہے جو غربت، بھوک، جنگ اور بیماریوں کے خلاف لڑ رہے ہیں یا ان سے متاثرہ ہیں اور یہ سبھی کے لیے ایک بہتر مستقبل تعمیر کے لیے نیا عہد کرنے کا موقع بھی ہے۔
اس سال عید مناتے ہوئے ہم دنیا بھر میں لاکھوں بے گھر افراد اور مہاجرین کو یاد کرتے ہیں جو اس مقدس تہوار کے موقع پر اپنے خاندانوں سے دور ہیں اور اپنے مستقبل کی بابت غیریقینی کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ایک روشن تر کل کی امید رکھ رہے ہیں۔ ایک قوم کی حیثیت سے ہمیں ہمیشہ ان لوگوں کا ستھ دیتے رہنا ہے جو بہتر زندگی چاہتے ہیں اور ہمیں دنیا بھر میں جبر کا سامنا کرنے والے لوگوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہونے کے لیے اپنا وعدہ پورا کرنا ہے۔ مجھے امریکہ بھر میں عید کی خوشی منانے والے مسلمانوں سے کہنا ہے کہ آئیے تمام مذاہب اور عقائد کے احترام کے لیے اپنے بنیادی عہد سے متعلق اپنے عزم کی تجدید کریں۔
قرآن مجید لوگوں کو تاکید کرتا ہے کہ وہ انصاف پر مضبوطی سے قائم رہیں اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اس لیے اقوام اور قبیلوں کی صورت میں تخلیق کیے گئے ہیں کہ ایک دوسرے کو پہچان سکیں۔ سبھی کے لیے مذہبی آزادی کی روایت ہمارے ملک کو مضبوط بناتی ہے اور ہم اس بنیادی اصول کے ساتھ اپنی مجموعی وابستگی کو تحفظ دینے اور اسے گہرا کرنے کے لیے تمام عقائد اور پس منظر کے حامل امریکیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ اس سال ہم وائٹ ہاؤس میں عید منانے اور دوسروں کے لیے باعث تحریک مسلمان امریکیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی روایت جاری رکھیں گے جو ہمارے پورے ملک میں ایک دوسرے کو بہتر طور سے سمجھنے کی کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔
جل اور میں عید منانے والے آپ تمام لوگوں اور آپ کے عزیزوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ خدا کرے کہ ہم نے گزشتہ مہینے بھائی چارے، ہمدردی اور خدمت کے جس جذبے کا مشاہدہ کیا ہے وہ پورا سال جاری رہے۔ عید مبارک!
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/statements-releases/2022/05/01/statement-by-president-joe-biden-and-first-lady-jill-biden-on-the-occasion-of-eid-al-fitr/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔