Homeاُردو ...اسرائیل کے خلاف دہشت گرد حملوں پر صدر بائیڈن کا بیان hide اسرائیل کے خلاف دہشت گرد حملوں پر صدر بائیڈن کا بیان اُردو ترجمہ 7 اكتوبر 2023 وائٹ ہاؤس سٹیٹ ڈائننگ روم 7 اکتوبر، 2023 2:48 سہ پہر صدر: سہ پہر بخیر۔ آج اسرائیل کے لوگ دہشت گرد تنظیم حماس کے حملے کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ المناک موقع ہے، میں انہیں، دنیا اور ہر جگہ پائے جانے والے دہشت گردوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم ہمیشہ اس کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ ہم یقینی بنائیں گے کہ اس کے شہریوں کو ضرورت کے مطابق ہر مدد ملے اور وہ اپنا دفاع جاری رکھ سکیں۔ آپ جانتے ہیں دنیا نے ہولناک مناظر دیکھے ہیں۔ اسرائیل کے شہروں پر ہزاروں راکٹ داغے گئے۔ آج صبح بیدار ہونے کے بعد 7:30 اور 8 بجے سے میرے رابطے شروع ہو گئے۔ اسرائیل میں داخل ہونے والے حماس کے دہشت گرد صرف اسرائیلی فوجیوں کو ہی ہلاک نہیں کر رہے بلکہ اسرائیل کے شہریوں کو بھی سڑکوں پر اور ان کے گھروں میں نشانہ بنا رہے ہیں۔ معصوم لوگوں کو ہلاک و زخمی کیا گیا اور پورے کے پورے خاندانوں کو یرغمال بنا لیا گیا۔ حماس نے یہ کارروائی ایسے وقت کی ہے جب یہودیوں کے مقدس ترین ایام کو چند ہی روز ہی گزرے تھے۔ یہ غیرانسانی فعل ہے۔ آپ جانتے ہیں، آج صبح جب میں نے وزیراعظم نیتن یاہو سے بات کی تو انہیں بتایا کہ امریکہ دہشت گردی کے اس حملے کے مقابل اسرائیل کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ اسرائیل کو اپنا اور اپنے لوگوں کے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ دہشت گردی کے افعال کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ میری انتظامیہ اسرائیل کی ٹھوس اور غیرمتزلزل حمایت کرتی ہے۔ میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ اسرائیل کا کوئی مخالف فریق ان حملوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے۔ دنیا دیکھ رہی ہے۔ میں اردن کے شاہ سے بھی رابطے میں ہوں، میں نے کانگریس کے ارکان سے بات کی ہے اور اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے اسرائیلی ہم منصبوں سے رابطہ کریں۔ فوج، انٹیلی جنس اور سفارتی سطح پر اسرائیل سے رابطے کر کے اس کی ضروریات کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ میں نے اپنی ٹیم کو مصر، ترکیہ، قطر، سعودی عرب، اردن، اومان اور متحدہ عرب امارات سمیت پورے خطے، اپنے یورپی شراکت داروں اور فلسطینی اتھارٹی کے رہنماؤں سے متواتر رابطے رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ انسانی سطح پر بھی ایک ہولناک المیہ ہے۔ اس سے معصوم لوگوں کو نقصان پہنچا، اس حملے سے لوگوں کی زندگیوں کو ٹوٹتا اور خاندانوں کو متاثر ہوتے دیکھنا دل شکن ہے۔ جِل اور میں اس تشدد سے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا گو ہیں۔ ہم ان لوگوں کے دکھ میں شریک ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں اور اپنی روح کے ایک حصے کو کھو دیا۔ ہم زخمی ہونے والے لوگوں کی جلد صحت یابی کے لیے پُرامید ہیں۔ ہم وزیراعظم سے قریبی رابطہ رکھیں گے۔ میں ان حالات میں وزیراعظم نتین یاہو سے قریبی رابطے میں رہوں گا۔ یاد رہے کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے جس طرح 75 سال پہلے ہم نے اسرائیل کے قیام سے 11 منٹ کے بعد ہی سب سے پہلے اسے تسلیم کیا تھا۔ آپ کا شکریہ۔ 2:51 سہ پہر اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/speeches-remarks/2023/10/07/remarks-by-president-biden-on-the-terrorist-attacks-in-israel/ یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔