Homeاُردو ...اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) میں امریکہ کا انتخاب hide اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) میں امریکہ کا انتخاب اُردو ترجمہ 14 اكتوبر 2021 امریکی دفتر خارجہ دفتر برائے ترجمان وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان 14 اکتوبر، 2021 موجودہ امریکی انتظامیہ کے ابتدائی ترین ایام سے ہی صدر بائیڈن نے یہ واضح کر دیا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد امریکہ کی عزیز ترین جمہوری اقدار پر ہو گی جن میں آزادی کا دفاع کرنا، مواقع کو فروغ دینا، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیاں قائم رکھنا، قانون کا احترام اور ہر ایک سے وقار پر مبنی سلوک شامل ہیں۔ انہوں نے عالمگیر معاملات میں امریکہ کی شمولیت بحال کرنے اور مشترکہ مسائل پر مشترکہ عالمی اقدامات کو تیز کرنے کے لیے امریکہ کی قیادت کی تجدید کا وعدہ بھی کیا۔ ہم نے اپنے دوطرفہ اور کثیرطرفہ تعلقات اور اقوام متحدہ میں ان اقدار کی انتھک انداز میں پیروی کرنے اور انہیں فروغ دینے کی ذمہ داری لی ہے۔ آج میں یہ اعلان کر سکتا ہوں کہ امریکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی آئندہ مدت کے لیے اس کا رکن منتخب ہو گیا ہے جو 2022 میں شروع ہو گی۔ ہم یہ یقینی بنانے کے لیے کڑی محنت کریں گے کہ یہ کونسل اپنے اعلیٰ ترین مقاصد کو برقرار رکھے اور دنیا بھر میں ناانصافی اور جبر کے خلاف لڑنے والوں کی بہتر طور سے حمایت کرے۔ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کا راستہ مسائل سے بھرپور ہو گا۔ امریکہ ہر موقع پر اور اپنے ساتھ شامل ہونے والے تمام ممالک کے ساتھ مل کر یہ ثابت قدم جستجو جاری رکھنے کا عزم کرتا ہے۔ یہ کونسل انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لیے مظالم اور زیادتیوں کا ریکارڈ رکھتی ہے تاکہ قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ یہ ہنگامی حالات اور انسانی حقوق سے متعلق بحرانی کیفیات کو سامنے لاتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اُن لوگوں کی آواز سنی جائے جن کی کوئی نہیں سنتا۔ یہ کونسل ایک ایسا فورم مہیا کرتی ہے جہاں ہم اپنے اور اپنے شراکت داروں کے اقدامات میں بہتری لانے کے طریقوں کی بابت کھل کر بات چیت کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کونسل میں بعض سنگین خامیاں بھی ہیں جن میں اسرائیل کی جانب اس کی غیرمتناسب توجہ اور ایسے متعدد ممالک کی رکنیت نمایاں ہے جن کا انسانی حقوق کا ریکارڈ انتہائی قابل اعتراض ہے۔ باہم مل کر ہمیں ایسے تصورات کو کمزور کرنے کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کرنا ہے جن کی بنیاد پر انسانی حقوق کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ ان میں یہ تصور بھی شامل ہے کہ ہر فرد انسانی حقوق کا مالک ہے اور ریاستوں پر لازم ہے کہ وہ ان حقوق کا تحفظ کریں۔ میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے امریکہ کو دوبارہ انسانی حقوق کونسل میں خدمات انجام دینے کا موقع دیا۔ ہم انسانی حقوق کے تحفظ، دفاع اور فروغ اور دنیا بھر میں اس کونسل کے کام کے لیے اپنے عالمگیر شراکت داروں کے ساتھ مل کر چلنے کے منتظر ہیں۔ اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/election-of-the-united-states-to-the-un-human-rights-council-hrc/ یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔