An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
20 جنوری 2021
صدارتی اقدامات
امریکہ کے صدر کی جانب سے
اعلان

امریکہ کا قیام مذہبی آزادی اور رواداری کی بنیاد پر عمل میں آیا تھا جو امریکہ کے آئین کا ایک اصول ہے۔ اس کے باوجود گزشتہ امریکی انتظامیہ نے متعدد ایسے انتظامی حکم اور صدارتی اعلان نافذ کیے جنہوں نے مخصوص افراد کو امریکہ میں داخلے سے روکا جن میں پہلے بنیادی طور پر مسلم ممالک اور بعد میں افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں۔ یہ اقدامات ہمارے قومی ضمیر پر ایک دھبہ اور تمام عقائد کے ماننے والوں بشمول کسی عقیدے کو نہ ماننے والوں کو خوش آمدید کہنے کی ہماری طویل تاریخ سے مطابقت نہیں رکھتے۔

یہ انتظامی احکامات اور اعلانات ناصرف ہماری اقدار کے خلاف ہیں بلکہ ان کے باعث ہماری قومی سلامتی بھی کمزور ہوئی۔ ان سے ہمارے اتحادوں اور شراکتوں کے عالمگیر نظام کو خطرہ لاحق ہوا اور یہ ایک اخلاقی آزار ہیں جس کے باعث دنیا کے لیے ہمارے ملک کی مثالی قوت ماند پڑ گئی۔ ان احکامات اور اعلانات نے لوگوں کو اپنے عزیزوں سے جدا کیا اور انہیں ایسی تکلیف پہنچائی جس کے اثرات آنے والے برسوں تک برقرار رہیں گے۔ یہ صریحاً غلط اقدامات ہیں۔

یاد رہے کہ جہاں ہمارے ملک کو خطرات لاحق ہوں گے ہم ان سے نمٹیں گے۔ جہاں اپنے شراکت داروں کے ساتھ معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے کے مواقع ہوں گے ہم ان سے فائدہ اٹھائیں گے۔ جب ویزے کے خواہش مند لوگ امریکہ میں داخلے کی درخواست دیتے ہیں تو ہم انفرادی جائزے کے ایک کڑے نظام کا اطلاق کریں گے۔ لیکن ہم امریکہ میں داخلے پر امتیازی پابندیاں لگا کر اپنی اقدار سے منہ نہیں موڑیں گے۔

اسی لیے اب میں جوزف آر بائیڈن جونیئر صدرِ امریکہ، ریاستہائے متحدہ امریکہ کے آئین اور قوانین سے حاصل اختیار بشمول امیگریشن اینڈ نیشنیلٹی ایکٹ کے سیکشن 212 (ایف) اور 215 (اے)، 8 یو۔ایس۔سی۔ 1182 (ایف) اور 1185 (اے) کے ذریعے 6 مارچ 2017 کے انتظامی حکم 13780 (غیرملکی دہشت گرد کے امریکہ میں داخلے سے ملک کو تحفظ کی فراہمی)، 24 ستمبر 2017 کے اعلان 9645 (دہشت گردوں یا تحفظ عامہ کے لیے دیگر خطرات کی امریکہ میں داخلے کی کوشش کا پتا چلانے کے لیے جائزے کی صلاحیتوں اور طریقہ ہائے کار میں اضافہ)، 10 اپریل 2018 کے اعلان 9723 (دہشت گردوں یا تحفظ عامہ کے لیے دیگر خطرات کی امریکہ میں داخلے کی کوشش کا پتا چلانے کے لیے جائزے کی صلاحیتوں اور طریقہ ہائے کار میں اضافے کا عمل برقرار رکھنے سے متعلق)، اور 31 جنوری 2020 کے اعلان 9983 (دہشت گردوں یا تحفظ عامہ کے لیے دیگر خطرات کی امریکہ میں داخلے کی کوشش کا پتا چلانے کے لیے جائزے کی اضافی صلاحیتوں اور طریقہ ہائے کار کو بہتر بنانے سے متعلق) کو منسوخ کرنا امریکہ کے مفاد میں پاتا ہوں۔ اس انتظامی حکم اور اعلانات کو منسوخ کرنے سے ہماری قومی سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

اسی کی مطابقت سے میں اعلان کرتا ہوں کہ:

سیکشن 1۔ تنسیخ۔ انتظامی حکم 13780 اور اعلانات 9645، 9723 اور 9983 منسوخ کیے جاتے ہیں۔

سیکشن 2۔ ویزا عمل کی بحالی اور ویزے کی چھوٹ کے عمل میں بقیہ کیسز کو نمٹانا۔

(اے) وزیر خارجہ قابل اطلاق قانون اور ویزا عمل کے طریقہ ہائے کار بشمول کورونا وائرس کی بیماری 2019 (کوویڈ-19) سے متعلقہ قوانین کی مطابقت سے تمام سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو ہدایات جاری کریں گے کہ وہ اس اعلان کے پہلے سیکشن میں انتظامی حکم اور اعلانات کی منسوخی کی مطابقت سے ویزا عمل بحال کریں۔

(بی) اس اعلان کے اجرا سے 45 روز کے اندر وزیر خارجہ صدر کو ایک رپورٹ پیش کریں گے جس میں درج ذیل باتیں شامل ہوں گی۔

(i) ایسے ویزا درخواست گزاروں کی تعداد جنہیں اس اعلان کی تاریخ تک سابقہ اعلانات 9645 اور 9983 کے تحت ویزے کی پابندیوں سے چھوٹ کے لیے زیرغور لایا گیا تھا اور ان کی زیرالتوا ویزا درخواستوں پر فوری فیصلے کا منصوبہ۔

(ii) یہ امر یقینی بنانے  کی تجویز کہ جن افراد کی ویزا درخواستیں اعلان 9645 یا 9983 کے نفاذ کے ذریعے امریکہ میں داخلے پر پابندی کی بنیاد پر مسترد ہوئیں انہیں دوبارہ زیر غور لایا جا سکتا ہے۔ اس تجویز کے ذریعے یہ دیکھا جائے گا کہ آیا امریکی ویزے کے لیے ایسی درخواستوں پر دوبارہ غور ہونا چاہیے جنہیں اعلان 9645 یا 9983 کے ذریعے شبے یا ملک میں داخلے پر پابندی کی بنیاد پر مسترد کیا گیا تھا اور کیا ایسی ویزا درخواستوں پر کارروائی کے لیے اضافی واجبات وصول کرنا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ایسی ویزا درخواستوں کو فوری زیرغور لانے کے لیے دفتر خارجہ کے منصوبے کی تیاری بھی شامل ہے۔

(iii) یہ امر یقینی بنانے کا منصوبہ کہ اگر شبے یا اعلان 9645 یا 9983 کے ذریعے امریکہ داخلے پر پابندی کے باعث ویزے سے محروم رہنے والے درخواست گزار دوبارہ ویزے کی درخواست دیتے ہیں تو اس پر محض ماضی میں ویزا مسترد ہونے کے باعث تعصب نہ برتا جائے۔

سیکشن 3۔ تبادلہ معلومات کے تعلقات کا ازسرنو جائزہ اور شراکتیں مضبوط بنانے کا منصوبہ۔

اس اعلان کے اجرا سے 120 روز کے اندر وزیرخارجہ اور وزیر برائے داخلی سلامتی نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کی مشاورت سے صدر کو درج ذیل باتوں پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کریں گے:

(اے) امریکہ کے مستقل اور عارضی ویزے کے حصول کے خواہش مند افراد کی جانچ پڑتال اور جائزے کے موجودہ طریقہ ہائے کار کا بیان۔ اس میں موجودہ اعلان کے پہلے سیکشن میں منسوخ کیے گئے انتظامی حکم اور اعلانات میں سے کسی بھی ایک کے نتیجے میں اختیار کیا جانے والا طریقہ ہائے کار شامل ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں اس میں فارم ڈی ایس-5535 کی افادیت کے بارے میں تجزیہ بھی شامل ہونا چاہیے۔

(بی) ایسے طریقہ ہائے عمل کے موثر ہونے، مستقل اور عارضی طور پر امریکہ آنے کے خواہش مند افراد کی جانچ پڑتال اور جائزے کے طریقہ ہائے کار کی افادیت اور غیرملکی حکومتوں کی جانب سے مہیا کردہ معلومات کی درستگی اور اعتبار یقینی بنانے کے لیے غیرملکی حکومت کے امریکہ کے ساتھ تبادلہ معلومات کا جائزہ۔

(سی) جانچ پڑتال اور جائزے کی سرگرمیوں بشمول عالمگیر تبادلہ معلومات بہتر بنانے کی سفارتی کوششوں، جہاں مناسب ہو، تبادلہ معلومات اور شناختی انتظام کے طریقہ ہائے کار کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک دی جانے والی مالی امداد کا استعمال اور متعلقہ انتظامی محکمے اور ادارے کی فراہم کردہ معلومات کو جائزے کے نظام سے مربوط کرنے کے طریقہ ہائے کار میں بہتری کی تجاویز۔

(ڈی) جانچ پڑتال اور جائزے کے عمل میں سوشل میڈیا کے ذریعے شناختی طریقہ کار کا موجودہ استعمال بشمول یہ اندازہ کہ آیا اس طریقہ کار کے ذریعے جانچ پڑتال اور جائزے کے عمل میں بامعنی بہتری آئی یا نہیں اور اس اندازے کی روشنی میں سفارشات کی تیاری۔

سیکشن 4۔ عمومی شرائط۔ (اے) اس اعلان میں بیان کردہ کسی بات کو درج ذیل میں بگاڑ کا باعث یا کچھ اور نہ سمجھا جائے:

I۔ کسی انتظامی شعبے یا محکمے یا اس کے سربراہ کو حاصل قانونی اختیار، یا

II۔ بجٹ سے متعلق، انتظامی یا قانونی تجاویز سے متعلق مینجمنٹ اور بجٹ کے شعبے کے ڈائریکٹر کے افعال۔

(بی) اس اعلان پر قابل اطلاق قانون کی مطابقت اور مالی وسائل کی دستیابی کی صورت میں عملدرآمد ہونا چاہیے۔

(سی) اس اعلان کا مقصد کسی فریق کو امریکہ، اس کے محکموں، اداروں یا اس کے افسروں، ملازمین یا کارندوں یا کسی بھی دوسرے شخص کے خلاف قانونی طور پر یا اس سے مساوی کوئی اساسی یا ضابطی حق یا فائدہ پہنچانا نہیں ہے۔

میں دو ہزار اکیس میں جنوری کی بیس تاریخ اور امریکہ  کی آزادی کے دو سو پینتالیسویں سال میں اس اعلان پر دستخط کرتا ہوں۔

جوزف آر بائیڈن جونیئر


اصل ماخذ کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/presidential-actions/2021/01/20/proclamation-ending-discriminatory-bans-on-entry-to-the-united-states/.

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future