امریکی محکمہ خارجہ
ترجمان کا دفتر، 2 دسمبر، 2023

موسمیاتی امور پر امریکی صدر کے خصوصی نمائندے جان کیری نے دبئی، متحدہ عرب امارات میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام موسمیاتی تبدیلی پر جاری کانفرنس (کاپ 28) میں چار براعظموں کے رہنماؤں اور وزراء کے ساتھ جوہری توانائی کی پیداوار میں تین گنا اضافے کے اعلامیے کا اعلان کیا۔

اِس اعلامیے میں 2050 تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے حوالے سے نیٹ زیرو کا ہدف حاصل کرنے اور عالمی حدت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیئس تک روکنے کے ہدف کو قابل رسائی رکھنے میں جوہری توانائی کے اہم کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں تجارتی ترسیلات کے نظام کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دینے کے ساتھ عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور علاقائی ترقیاتی بینکوں کے حصہ داروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ قرضوں کے بارے میں اپنی پالیسیوں میں جوہری توانائی کو ترجیحی طور پر شامل کریں۔

اِس اعلامیے کی منظوری دینے والے ممالک میں بلغاریہ، کینیڈا، چیک ریپبلک، فن لینڈ، فرانس، گھانا، ہنگری، جاپان، مولڈووا، منگولیا، مراکش، دی نیدرلینڈز، پولینڈ، جمہوریہ کوریا، رومانیہ، سلواکیہ، سلوانیہ، سویڈن، یوکرین، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/the-united-states-joins-multinational-declaration-to-triple-nuclear-energy-capacity-by-2050-to-support-global-climate-and-energy-security-goals/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future