An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

امریکی ادارہ برائے عالمی ترقی
دفتر تعلقات عامہ
9 ستمبر، 2022

منتظم سمانتھا پاور نے آج اسلام آباد میں اعلان کیا کہ امریکی ادارہ برائے عالمی ترقی (یوایس ایڈ) کے ذریعے امریکہ پاکستان میں شدید سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کے لیے مزید 20 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان میں آنے والا یہ سیلاب مون سون کی شدید بارشوں کے علاوہ پہاڑی تودے گرنے اور گلیشیئر پر بننے والی جھیلیں پھٹنے کا نتیجہ ہے اور یہ سلسلہ جون سے جاری تھا۔ ان سیلابوں کے اثرات پاکستان بھر میں وسیع پیمانے پر محسوس کیے گئے ہیں۔ اندازاً ان سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں، 1,400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 12,700 سے زیادہ زخمی ہیں۔ سیلاب کے راستے میں آنے والا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے جس میں 1.7 ملین گھر، اندازاً 13.8 ملین ایکڑ پر کھڑی فصلیں، ہزاروں میل لمبی سڑکیں اور سینکڑوں پُل تباہ ہو گئے ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے۔

یہ امداد اس تباہ کن سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے گزشتہ ہفتے اعلان کردہ 30 ملین ڈالر کی انسانی امداد میں نیا اضافہ ہے۔ 12 اگست سے اب تک امریکہ پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے آفات سے بچاؤ کی امداد کے طور پر 50.1 ملین ڈالر سے زیادہ وسائل مہیا کر چکا ہے۔ ان اضافی مالی وسائل کے ذریعے یوایس ایڈ اور اس کے شراکت دار ہنگامی امدادی سامان، کثیرالمقاصد رقم اور پناہ کے لیے امداد، روزگار کے حصول میں معاونت، انتظام و انصرام اور امدادی اقدامات کو مربوط بنانے کے نظام کی فراہمی جاری رکھیں گے۔ یوایس ایڈ پانی کھڑا ہونے سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ کو محدود رکھنے کے لیے انسدادی اقدام کے طور پر پانی، نکاسیء آب اور صحت و صفائی (واش) سے متعلق معاونت کو بھی اپنی ترجیح بنائے گا۔

یوایس ایڈ نے پاکستان میں امریکہ کی حکومت کے امدادی اقدامات کی قیادت کے لیے ڈزاسٹر اسِسٹنس ریسپانس ٹیم (ڈارٹ) بھی تعینات کی ہے۔ یوایس ایڈ میں آفات سے بچاؤ سے متعلق امور کے ماہرین پر مشتمل یہ خاص ٹیم نقصانات کا اندازہ لگانے، ترجیحی ضروریات کی نشاندہی اور حکومتِ پاکستان اور امدادی شراکت داروں کے مابین رابطے کا کام کر رہی ہے۔ امریکہ پاکستان کو سب سے زیادہ انسانی امداد دینے والا ملک ہے۔

امریکہ کو پاکستان بھر میں سیلاب متاثرین کے نقصان پر گہرا افسوس ہے جنہوں نے اپنے عزیزوں، روزگار اور گھروں کو کھو دیا ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ضرورت کی اس گھڑی میں ان کی مدد جاری رکھیں گے۔ پاکستان میں یوایس ایڈ کی انسانی امداد کے بارے میں تازہ ترین معلومات لینے کے لیے یہاں وزٹ کیجیے: https://www.usaid.gov/humanitarian-assistance/pakistan


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.usaid.gov/news-information/press-releases/sep-9-2022-united-states-providing-20-million-additional-humanitarian-assistance-pakistan

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future