وائٹ ہاؤس
14 مارچ، 2022
واشنگٹن، ڈی-سی
نرم لوریوں سے انصاف کے لیے پکار تک، ہر روز خواتین دیکھ بھال اور پرورش، تعلیم و تعمیر، اپنی قیادت اور تصور کے ذریعے ہماری دنیا کو ترقی دیتی ہیں۔
خواتین کبھی خاموش نہیں رہیں لیکن انہیں تشدد کے ذریعے، نفرت کے ذریعے، ان کے ساتھ امتیازی سلوک، انہیں تنہا کر کے اور ان کے لیے کام اور ان کی پرواہ نہ کر کے انہیں خاموش کر دیا گیا ہے۔
خواتین کو بتایا گیا ہے کہ وہ خطرناک ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ایسی ہی ہیں۔ وہ بدعنوانی اور ناانصافی کے خلاف خطرناک ہیں۔ جب ہم اپنی آواز بلند کرتی ہیں تو ہمارے پاس جبر کی دیواریں توڑنے کی طاقت ہوتی ہے۔
اسی لیے بزدل مرد لڑکیوں کو تعلیم سے روکتے ہیں۔ اسی لیے خواتین کے جسم جنگ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ہم سب کی طرح میرا دل بھی یوکرین کی ویڈیوز دیکھ کر تکلیف محسوس کرتا ہے۔ بیمار بچے عارضی طور پر بنائی گئی طبی ٹرینوں کے ذریعے جان بچا کر جا رہے ہیں۔ زچہ بچہ کے ہسپتال پر بمباری کی گئی جو ناقابل تصور اقدام ہے۔ والدین سڑکوں پر اپنے بچوں کے شکستہ جسموں پر رو رہے ہیں۔ حیران کن بے حسی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں ایسے ہولناک واقعات ہو رہے ہیں جو کبھی شام کی خبروں میں نہیں آتے۔ دنیا بھر میں بچوں کے شکستہ جسم ہیں اور خواتین جنگ کے زخم جھیل رہی ہیں۔
ہر جگہ ایسی خواتین ہیں جن کی آوازیں سنی جانی چاہئیں کیونکہ داستانیں اپنے اندر طاقت رکھتی ہیں۔ ان سے ہماری زندگیاں متشکل ہوتی ہیں، یہ ہماری خوشی اور غم کی پرچھائیں واضح کرتی ہیں اور اہم چیزوں کو بقیہ سے الگ کرتی ہیں۔ انہی کی بدولت ہم زبان، فاصلے اور وقت سے ہٹ کر ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرتے ہیں۔ یہ ہمدردی کو تقویت دیتی ہیں اور ہم سب کو عملی قدم اٹھانے پر مجبور کرتی ہیں۔
میں ایک قریبی مقامی کالج میں لکھنا سکھاتی ہوں اور جب طلبہ اپنے حالات زندگی لکھتے ہیں تو مجھے ان میں اعتماد دکھائی دیتا ہے۔ میں انہیں ایک دوسرے کو اپنے بارے میں آگاہ کرتے اور انہیں یہ اندازہ کرتے ہوئے باہم قریب آتا دیکھ چکی ہوں کہ ان کے اختلافات قیمتی ہیں اور ان کی مماثلتیں لامحدود ہیں۔
ہم جو داستانیں سناتے ہیں وہ اہمیت رکھتی ہیں۔
میرے شوہر اور ہمارے صدر یہ بات جانتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ بدسلوکی کے متاثرین کی داستانیں سن کر کیسے ان کی نیند اڑ گئی اور کیسے ان داستانوں نے انہیں خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کا قانون تیار کرنے اور اس کی حمایت کی ترغیب دی۔
وہ جانتے ہیں کہ خواتین کی آوازیں ظلم کے خلاف مزاحمت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں اور اپنی نصف آبادی کو زیرجبر رکھ کر کوئی ملک پھل پھول نہیں سکتا۔
وہ جانتے ہیں کہ امریکہ کو خواتین کی آواز دبانے کا باعث بننے والی بدعنوانی، ناانصافی اور مظالم روکنے کے لیے پُرعزم عالمی برادری کی قیادت کرنا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ خواتین کی آواز سنے بغیر حقیقی جمہوریت، حقیقی امن اور حقیقی خوشحالی ممکن نہیں ہے۔ ہماری داستانوں کے بغیر کوئی تاریخ نہیں ہو سکتی۔
یہی وجہ ہے کہ ہم یہاں جو کچھ کرتے ہیں اس کی بازگشت ان دیواروں سے کہیں پرے گونجتی ہے۔
16 برس سے ان اعزازات نے دنیا بھر میں خواتین کی آوازوں کو اجاگر کیا ہے۔ اِنہوں نے دنیا بھر میں شمال، جنوب، مشرق اور مغرب میں خواتین کی جدوجہد اور قوت کو نمایاں کیا ہے۔ اِنہوں نے سب کو بتایا ہے کہ امریکہ ان بہادر شخصیات کے ساتھ کھڑا ہے۔ وہ اکیلی نہیں ہیں۔
آج ہم بارہ خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس سے بھی بڑھ کر انہیں اپنے الفاظ میں اپنی سچائی بیان کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔ ہم اس دور کے ہولناک مسائل کا مقابلہ کرنے اور ہم سب کو مزید بہت کچھ کرنے میں مدد دینے کے لیے ان کی قوت کا اعتراف کرتے ہیں۔
جب آپ ان کے الفاظ سنیں تو انہیں اپنے دل کے قریب رکھیں۔ اپنی بیٹیوں، بیٹوں اور اپنے جاننے والے تمام لوگوں کو ان سے آگاہ کریں۔
دوسروں کو ان کی داستانیں سنائیں کیونکہ وہ ہماری دنیا کو اپنی جیسی جرات سے کام لینے کی تحریک دے سکتی ہیں۔
دوسروں کو یہ داستانیں سنائیں کیونکہ ہر جگہ خواتین سورماؤں کو یہ سننے اور جاننے کی ضرورت ہے کہ کیا کچھ ممکن ہے۔
لوگوں کو ان داستانوں سے آگاہ کریں کیونکہ دنیا بھر کی لڑکیوں میں امکانات کا پورا جہان موجود ہے جنہیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ مستقبل ان کا بھی ہے۔
مجھے لاطینی امریکہ میں ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرنے والی یا مشرق وسطیٰ میں تعلیم کی امید رکھنے والی، یورپ میں جمہوریت اور استحکام کے لیے کام کرنے والی، ذیلی صحارا افریقہ میں اپنے خاندانوں کو تحفظ دینے والی یا ایشیا میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے والی ان تمام جرات مند خواتین سے یہ کہنا ہے کہ ہم ان لوگوں کو روکنے کے لیے جذبے اور استقلال، ترقی اور جمہوریت کے ذریعے کام کرتے رہیں گے جو آپ کو خاموش کرنا چاہتے ہیں۔
اگر آپ اپنی داستانیں نہ بھی سنا پائیں تو ہم انہیں سنائیں گے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/statements-releases/2022/03/14/remarks-as-prepared-for-delivery-by-first-lady-jill-biden-at-the-2022-international-women-of-courage-award-ceremony/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔