An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
16 مارچ، 2022

حالیہ دنوں روس یوکرین کے خلاف اپنی سوچی سمجھی، بلااشتعال اور بلاجواز جنگ میں شدت لے آیا ہے جس میں وہ ہسپتالوں پر حملے کر رہا ہے، سکولوں کو تباہ کر رہا ہے، شہری تنصیبات کو ملبے کا ڈھیر بنا رہا ہے اور ہزاروں عام شہریوں کو ہلاک کرنے میں مصروف ہے۔ یوکرین کی افواج روس کے اس نئے حملے کا بہادری سے مقابلہ کر رہیں اور ایسے میں امریکہ اور اس کے اتحادی اور شراکت دار یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کی حمایت میں ثابت قدمی سے کھڑے ہیں اور ہم اس کی سلامتی کے لیے دی جانے والی امداد کی فراہمی میں تیزی لا رہے ہیں۔ اس میں حالیہ ہفتے یوکرین کو دفاعی مقاصد کے لیے دی جانے والی ایک ارب ڈالر کی نئی امداد بھی شامل ہے۔

صدر کی جانب سے گزشتہ ہفتے یوکرین کے لیے منظور کردہ اضافی مدبندی کے قانون میں اضافی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے میں نے آج صبح صدر کی جانب سے تفویض کردہ اختیارات کے تحت فوری طور پر یوکرین کے دفاع کے لیے 800 ملین ڈالر تک کی دفاعی امداد کے صدارتی اجراء کی مںظوری دی ہے۔ یہ گزشتہ چھ مہینوں میں یوکرین کے لیے محکمہ دفاع کی جانب سے دفاعی سازوسامان کا پانچواں اجراء ہے۔ 12 مارچ کو منظور کی جانے والی 200 ملین ڈالر کی امداد کے ساتھ اب صرف گزشتہ ہفتے میں ہی یوکرین کے لیے منظور کردہ امریکی دفاعی امداد کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ ہم کانگریس کے ساتھ اپنی شراکت کی بدولت ہی اس سطح کی امداد مہیا کرنے کے قابل ہوئے ہیں اور اپنی درخواست پر مثبت ردعمل دینے اور فیاضی کا مظاہرہ کرنے پر اس کے تہہ دل سے قدر دان ہیں۔ ہم اپنے یوکرین کے شراکت داروں کی مدد کرنے اور روس کی حکومت کے خلاف تادیبی اقدامات کے لیے اپنے قانون سازوں کے ساتھ مِل کر کام جاری رکھیں گے۔

آج کے اس اعلان سے موجودہ امریکی انتظامیہ کے آغاز کے بعد اب تک یوکرین کو دی جانے والی امریکہ کی دفاعی امداد کا حجم قریباً دگنا ہو کر 2 بلین ڈالر سے بڑھ گیا ہے جس سے ہمیں یوکرین کی اضافی ضروریات کے لیے دی جانے والی امداد بڑھانے میں مدد ملے گی جن میں طیارہ شکن، ٹینک شکن اور بکتر بند شکن گنیں، چھوٹے ہتھیار اور گولہ بارود بھی شامل ہے جسے یوکرین کی سکیورٹی فورسز اس وقت اپنے ملک کے دفاع کی جنگ میں استعمال کر رہی ہیں۔

امریکہ اپنے ملک کا دفاع کرنے والے یوکرین کے لوگوں کی حمایت میں اقوام عالم کے ساتھ کھڑا رہے گا اور صدر پیوٹن پر زور دیتا رہے گا کہ وہ تشدد بند کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور سفارتی راستہ اختیار کریں۔ اُس وقت تک ہم اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ اس مسئلے پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھیں گے، روس کی حکومت اور اس جنگ میں اسے سہولت دینے والوں کے خلاف فوری اور کڑی تادیبی کارروائی کرنے کے لیے دنیا بھر کے آزادی پسند ممالک کو اکٹھا کرتے رہیں گے اور یوکرین کے لوگوں کو ضرورت کے اِس وقت دی جانے والی سفارتی مدد اور دفاعی، معاشی اور انسانی امداد میں اضافہ جاری رکھیں گے۔


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/1-billion-in-new-u-s-security-assistance-for-ukraine-this-week/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future