امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
27 فروری 2021
امریکہ کو ایتھوپیا کے علاقے ٹیگرے میں مظالم کی اطلاعات اور مجموعی طور پر بگڑتی ہوئی صورتحال پر گمبھیر تشویش ہے۔ ہم ٹیگرے میں متعدد فریقین کی جانب سے ہلاکتوں، لوگوں کی ان کے علاقوں سے جبری بے دخلی اور انہیں بے گھر کیے جانے، جنسی حملوں اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزی و بدسلوکیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں جن کی اطلاعات بہت سی تنظیموں ںے دی ہیں۔ ہمیں بدتر ہوتے انسانی بحران پر بھی گہری تشویش ہے۔ امریکہ نے تشدد کے خاتمے کی اہمیت، ٹیگرے میں بلا روک ٹوک امدادی رسائی یقینی بنانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی، بدسلوکی اور مظالم کی تمام اطلاعات پر ایک مکمل، آزاد اور عالمگیر تفتیشی عمل کی اجازت دینے کے لیے ایتھوپیا کی حکومت کے ساتھ تواتر سے بات چیت کی ہے۔ ایسی کارروائیوں کے ذمہ دار عناصر کا احتساب ہونا چاہیے۔
امریکہ 26 فروری کو ایتھوپیا کے وزیراعظم کے دفتر اور وزارت خارجہ امور کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات کو قبول کرتا ہے جن میں بلاروک ٹوک امدادی رسائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بدسلوکیوں پر تفتیش کے لیے عالمی حمایت کے خیرمقدم اور مکمل احتساب کے عزم کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ عالمی برادری کو ان وعدوں کی تکمیل یقینی بنانے کے لیے باہمی اشتراک سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ابتدائی اقدامات کے طور پر اریٹریا کی افواج اور امہارا کی علاقائی فورسز کی ٹیگرے سے واپسی لازمی ہے۔ اس کے ساتھ تنازعے کے تمام فریقین کی جانب سے لڑائیوں کے خاتمے کے یکطرفہ اعلانات اور ٹیگرے کے باسیوں کے لیے بلاروک ٹوک امداد کی ترسیل کی اجازت کا وعدہ بھی ہونا چاہیے۔ امریکہ ان اہداف کے حصول کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس مقصد کے لیے یوایس ایڈ تحفظ زندگی کے لیے مدد جاری رکھنے کی غرض سے حادثات و آفات کے موقع پر معاونت فراہم کرنے والی ٹیم ایتھوپیا بھیجے گا۔
ہم اپنے عالمگیر شراکت داروں خصوصاً افریقن یونین اور علاقائی شراکت داروں سے کہتے ہیں کہ وہ ٹیگرے میں اس بحران سے نمٹنے کے لیے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں جس میں اقوام متحدہ اور دوسرے متعلقہ اداروں کے ذریعے کیے جانے والے اقدامات بھی شامل ہیں۔
امریکہ ایتھوپیا کے عوام کے ساتھ ایک پائیدار شراکت کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/atrocities-in-ethiopias-tigray-region/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔