امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
یکم اگست، 2022
پانچ ماہ سے زیادہ عرصہ سے روس کی سفاکانہ اور بلااشتعال جنگ کا سامنا کرنے والے یوکرین کے لوگوں نے اپنے ملک اور اپنی آزادی کا دفاع کرتے ہوئے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔ امریکہ پچاس سے زیادہ ممالک پر مشتمل اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر یوکرین کو روس کی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور زمینی سالمیت کے تحفظ میں مدد دینے کے لیے ضروری دفاعی امداد مہیا کر رہا ہے۔
آج صدر کی جانب سے تفویض کیے گئے اختیار کی مطابقت سے میں امریکی محکمہ دفاع (ڈی او ڈی) کی جانب سے یوکرین کو 550 ملین ڈالر مالیت کا اسلحہ اور سازوسامان جاری کرنے کی اجازت دے رہا ہوں۔ یہ اگست 2021 کے بعد ایسا سترہواں اجراء ہے جس سے یوکرین کو اپنا دفاع کرنے میں مدد ملے گی۔ آج اعلان کردہ اس دفاعی امداد میں ہائی موبیلیی آرٹلری راکٹ سسٹمز (ایچ آئی ایم اے آر ایس) کے لیے مزید گولہ بارود اور 155 ملی میٹر کے آرٹلری نظام شامل ہیں جنہیں یوکرین کی فوج اپنے ملک کے دفاع کے لیے میدان جنگ میں نہایت موثر انداز میں استعمال کر رہی ہے۔ اس اجراء کے بعد موجودہ امریکی انتظامیہ کے آغاز سے اب تک یوکرین کو دی جانے والی امریکی فوجی امداد کا حجم تقریباً 8.7 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
یوکرین کے لوگوں کے ساتھ ہماری وابستگی قائم رہے گی۔ ہم یوکرین کے ساتھ متحد ہو کر کھڑے ہیں۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/biden-harris-administration-announces-550-million-in-new-u-s-military-assistance-for-ukraine/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔