امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
7 دسمبر، 2021
اس ہفتے ہونے والی کانفرنس برائے جمہوریت کی مطابقت سے امریکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جابرانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام دستیاب ذرائع سے کام لینے کا عزم رکھتا ہے۔ اسی لیے آج ہم نے تین ممالک سے تعلق رکھنے والے بہت سے کرداروں اور دیگر افراد کو انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور سیاسی مخالفین اور پُرامن مظاہرین کے خلاف جابرانہ اقدامات کی پاداش میں انتظامی حکم (ای او) 13818، 13553 اور 13572 کے تحت پابندیوں کے لیے نامزد کیا ہے۔ امریکہ نے اپنے مخالفین کا پابندیوں کے ذریعے مقابلہ کرنے کے قانون 2017 (سی اے اے ٹی ایس اے) کی دفعہ 106 کی مطابقت سے ایک رپورٹ بھی جمع کرائی ہے جس میں ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو ایران میں انسانی حقوق کی مخصوص کھلی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار ہیں۔
محکمہ خزانہ نے دفتر خارجہ کے ساتھ مشاورت کے ذریعے فوجی کرداروں کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی میں ملوث ہونے پر پابندیوں کا ہدف بنایا ہے۔ ان کرداروں میں یوگنڈا کی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ، عام شہریوں پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملوں کے ذمہ دار شام کی فضائیہ کے دو افسر اور شام میں سلامتی اور انٹیلی جنس کے جابرانہ نظام میں شامل تین شامی انٹیلی جنس افسر شامل ہیں۔ قبل ازیں یورپی یونین کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنے والے افراد سمیت ان لوگوں پر پابندیاں امریکہ کو اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں سے قریب بھی لاتی ہیں جس سے جمہوریت کے فروغ اور انسانی حقوق کے احترام سے متعلق ہمارے مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ خزانہ نے ایران سے تعلق رکھنے والے سات افراد اور قانون نافذ کرنے والے اس کے دو اداروں کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی میں ملوث ہونے پر انتظامی حکم 13553 کی مطابقت سے پابندیوں کے لیے نامزد کیا ہے۔ مزید برآں دفتر خارجہ نے سی اے اے ٹی ایس اے کی دفعہ 106 کی مطابقت سے دو ایسے اداروں اور دو افراد کی نشاندہی کی ہے جو ایران میں عالمی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق کی مخصوص کھلی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار ہیں۔ سی اے اے ٹی ایس اے کے تحت اس اقدام میں زاہدان جیل اور اصفہان کی مرکزی جیل کو بھی پابندیوں کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو ماورائے عدالت ہلاکتوں اور ناجائز حراستوں کی ذمہ دار ہیں۔
امریکہ جمہوریت کے فروغ اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث افراد اور اداروں کے احتساب کا عزم رکھتا ہے۔ امریکہ انسانی حقوق کی ان پامالیوں کو سامنے لانے اور ان کا خاتمہ کرنے کے لیے تمام دستیاب ذرائع سے کام لے گا۔ ہم ان ممالک اور ایسے دیگر ملکوں کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے جہاں انسانی حقوق کی پامالیاں اور خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
آج کی نامزدگیوں کے بارے میں مزید معلومات کے حصول کے لیے براہ مہربانی محکمہ خزانہ کی پریس ریلیز ملاحظہ کیجیے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/targeting-repression-and-supporting-democracy
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔