امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
30 اپریل 2021
نیڈ پرائس، ترجمان دفتر خارجہ
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن 3 تا 5 مئی 2001 کو لندن میں جی7 کے وزرائے خارجہ و ترقیاتی امور کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جہاں کہیں بھی عالمی سلامتی اور عالمگیر معیشت کے قوانین بنائے جا رہے ہیں وہاں امریکہ موجود ہو گا اور امریکہ کے لوگوں کے مفادات مقدم ہوں گے اور انہیں مرکزی اہمیت دی جائے گی۔ ہم جی7 کو اس کوشش کے لیے ایک اہم فورم کے طور پر دیکھتے ہیں۔
وزیر خارجہ اس موقع پر جی7 میں ہمارے شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ اپنی مشترکہ جمہوری اقدار پر تبادلہ خیال کے متمنی ہیں۔ امریکہ اس معاملے پر بات چیت کرے گا کہ اس وباء کے بعد بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے ہم خود کو درپیش اہم جغرافیائی سیاسی مسائل سے نمٹنے کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کیسے کام کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر کووڈ۔19 اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کا معاملہ ایجنڈے پر نمایاں ہو گا جس کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی میں اضافے، انسانی حقوق، غذائی تحفظ، صںفی مساوات اور خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنائے جانے سے متعلق معاملات بھی زیربحث آئیں گے۔
وزارتی اجلاس میں چند مزید ممالک مہمان کے طور پر شریک ہوں گے جن میں آسٹریلیا، انڈیا، جنوبی افریقہ اور جمہوریہ کوریا شامل ہیں جبکہ برونائی آسیان کے سربراہ کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کرے گا۔ وزیر خارجہ نے اجلاس میں مزید ممالک کو مدعو کرنے اور اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کا موقع مہیا کرنے پر برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینیک راب کی ستائش کی۔ یہ ملاقاتیں جون میں کورنوال میں ہونے والی 46ویں سربراہ کانفرنس کی تیاری میں معاون ہوں گی۔
وزیر خارجہ برطانیہ میں وزیراعظم بورس جانسن اور وزیر خارجہ راب سے ملاقاتوں میں عالمگیر مسائل سے نمٹنے اور دونوں ممالک کے مابین مضبوط اتحاد کی توثیقِ نو سے متعلق امریکہ اور برطانیہ کی مشترکہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ بلنکن جنگ عظیم دوم میں آزادی کے دفاع میں اپنی جانیں دینے والوں کی یاد میں سینٹ پال کیتھیڈرل میں ان کی یادگار پر پھول چڑھانے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
اس کے بعد وزیر خارجہ 5 اور 6 مئی کو یوکرین کے دارالحکومت کیو کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر زلنسکی، وزیر خارجہ کولیبا اور دیگر حکام سے ملاقاتوں کے علاوہ یوکرین کی سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔ اس دوران وہ روس کی جانب سے جاری جارحیت کے مقابل یوکرین کی خودمختاری اور زمینی سالمیت کے لیے امریکہ کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔ وہ یوکرین میں ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر جاری پیش رفت خصوصاً انسداد بدعنوانی کی کارروائیوں کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے جو یوکرین کے جمہوری اداروں، معاشی خوشحالی اور یورو۔اٹلانٹک مستقبل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/g7-foreign-and-development-ministers-meeting-and-the-secretarys-travel-to-ukraine/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔