An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

وائٹ ہاؤس

3 اگست، 2021

کورونا وائرس کے ڈٰیلٹا ویریئنٹ کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہماری جانب سے اٹھائے جا رہے اضافی اقدامات اور امریکہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانے کے لیے گزشتہ ہفتے کیے گئے اعلان کو آگے بڑھاتے ہوئے صدر بائیڈن کووڈ۔19 وباء کے خاتمے کے لیے اپنی حکمت عملی کے ایک اور اہم حصے پر تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کریں گے جو اس وائرس کے بیرون ملک خاتمے سے متعلق ہے۔ اس مقصد کے لیے ہماری حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر صدر نے وعدہ کیا ہے کہ امریکہ دنیا کے لیے ویکسین کا ذخیرہ ہو گا اور وہ بیرون ملک اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ویسے ہی ہنگامی نوعیت کے اقدامات کر رہے ہیں جو اندرون ملک کیے گئے ہیں۔ صدر آج اعلان کریں گے کہ امریکہ اب تک 60 سے زیادہ ممالک کو کووڈ۔19 ویکسین کی 110 ملین سے زیادہ خوراکیں عطیہ کر چکا ہے اور یہ بہت بڑا سنگِ میل کووڈ۔19 ویکسین کے عطیات دینے کے معاملے میں امریکہ کی عالمی رہنما کی حیثیت کو مضبوط بناتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ویکسین کی یہ مقدار تمام دوسرے ممالک کی جانب سے دیے گئے مجموعی عطیات سے بھی زیادہ ہے اور اس سے امریکہ کے جذبے کی فیاضی کا اظہار ہوتا ہے۔

جون میں صدر نے دنیا بھر کے ممالک کو امریکہ میں تیار کردہ کم از کم 80 ملین ویکسین عطیہ کرنے کا عہد کیا تھا اور انہوں نے وعدہ کیا کہ حسب استطاعت ہم یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ آج کا اعلان ان کے اسی وعدے کی تکمیل ہے اور یہ ویکسین کی سیکڑوں ملین مزید خوراکوں کے ایک نمایاں حصے کی فوری فراہمی کا اعلان ہے جو امریکہ آنے والے ہفتوں میں دنیا کو دے گا۔ امریکہ اس لیے یہ خوراکیں دوسرے ممالک کو دینے کے قابل ہوا ہے کیونکہ صدر نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی تمام امریکیوں کے لیے خاطرخواہ مقدار میں ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے تھے۔ امریکہ میں تیار کردہ ان ویکسین کی بڑی مقدار کوویکس کے ذریعے دوسرے ممالک کو مہیا کی گئی۔ اس سلسلے میں امریکہ نے اپنے اہم علاقائی شراکت داروں بشمول افریقن یونین اور کیریبیئن کمیونٹی (کیری کوم) کے ساتھ قریبی شراکت میں بھی کام کیا ہے۔

یہ 110 ملین سے زیادہ خوراکیں دنیا بھر کو ویکسین مہیا کرنے کے لیے امریکی انتظامیہ کی کوششوں کا محض آغاز ہیں جو پہلے ہی دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں کو تحفظ دے رہی ہیں۔ امریکی انتظامیہ اس ماہ کے آخر سے فائزر ویکسین کی نصف بلین خوراکیں بھیجنے کا عمل شروع کرے گی۔ امریکہ نے یہ ویکسین خریدنے اور اسے کم آمدنی والے 100 ضرورت مند ممالک کو عطیہ کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

دنیا بھر کے ممالک کو امریکی ساختہ ویکسین مہیا کرنے کے لیے بائیڈن انتظامیہ کی سوچ: دنیا بھر میں لوگوں کی کووڈ۔19 ویکسین تک رسائی میں اضافہ کرنا، وباء کی شدت کا مقابلہ کرنے کی تیاری اور صحت عامہ سے متعلق معلومات اور تسلیم شدہ بہترین طریقہ ہائے کار کی بنیاد پر طبی نگہداشت فراہم کرنے والے کارکنوں اور خطرے کی زد پر موجود دیگرافراد کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ کی فراہمی اور اپنے ضرورت مند ہمسایوں اور دیگر ممالک کی مدد کرنا ہمارا مقصد ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ امریکہ نے نہ تو اپنی ویکسین کو دوسرے ممالک سے فوائد کے حصول کے لیے استعمال کیا ہے اور نہ ہی کرے گا۔ ہمارا مقصد زندگیاں بچانا ہے۔

امریکی انتظامیہ اس معاملے میں بہت سے حقائق مدنظر رکھتی ہے جن میں کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کی شرح، اموات کی شرح، ہسپتال میں داخل مریضوں کی تعداد، لوگوں کو ویکسین لگانے کی موجودہ شرح، وباء کی شدت میں اضافے کے خلاف اقدامات اور کسی ملک کی ویکسین وصول کرنے اور اسے لوگوں کو لگانے کی اہلیت شامل ہیں۔

ہم یہ یقینی بنانے کے لیے کوویکس، افریقن یونین اور کیری کوم جیسے علاقائی اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ کام کرتے رہیں گے کہ یہ ویکسین منصفانہ انداز میں تقسیم ہوں اور اس سلسلے میں سائنس اور صحت عامہ سے متعلق معلومات کو مدنظر رکھا جائے۔ یہ تاریخ کا ایک منفرد لمحہ ہے اور یہ امریکہ کے قائدانہ کردار، سائنس، ہنرمندی اور استقامت کا تقاضا کرتا ہے اور ہم ثابت کر رہے ہیں کہ ہم دنیا بھر کے لوگوں کے کام آ سکتے ہیں۔

اب تک امریکہ کی جانب سے عطیہ کردہ کووڈ۔19 ویکسین کی تفصیل درج ذیل ہے:

افغانستان 3,300,000 ملائشیا 1,000,000
ارجنٹائن 3,500,000 مالی 151,000
بنگلہ دیش 5,500,000 موریطانیہ 302,000
بینن 302,000 میکسیکو 4,049,000
بھوٹان 500,000 مولڈووا 301,000
بولیویا 1,008,000 مراکش 302,000
برازیل 3,000,000 موزمبیق 302,000
برکینا فاسو 302,000 نیپال 1,534,000
کمبوڈیا 1,058,000 نائیجر 316,000
کیمرون 303,000 نائجیریا 4,000,000
کینیڈا 2,500,000 پاکستان 5,500,000
جمہوریہ وسطی افریقہ 302,000 پانامہ 503,000
کولمبیا 6,000,000 پیراگوئے 2,000,000
کوسٹاریکا 500,000 پیرو 2,000,000
جبوتی 151,000 فلپائن 6,239,000
ایکواڈور 2,000,000 پاپوا نیوگنی 302,000
ایل سلواڈور 3,000,000 جمہوریہ کوریا 1,012,000
ایسواٹینی 302,000 سینیگال 302,000
ایتھوپیا 1,664,000 صومالیہ 302,000
فجی 150,000 جنوبی افریقہ 5,660,000
گیمبیا 302,000 سری لنکا 1,500,000
جارجیا 503,000 سوڈان 604,000
گوئٹے مالا 4,500,000 تائیوان 2,500,000
گنی بساؤ 302,000 تاجکستان 1,500,000
ہیٹی 500,000 تنزانیہ 1,058,000
ہونڈوراس 3,000,000 تھائی لینڈ 1,500,000
انڈونیشیا 8,000,000 تیونس 1,000,000
اردن 503,000 یوکرین 2,000,000
لاؤس 1,000,000 یوراگوئے 500,000
لیسوتھو 302,000 ازبکستان 3,000,000
لائبیریا 302,000 ویت نام 5,000,000
مڈغاسکر 302,000 زیمبیا 302,000
ملاوی 302,000 مجموعہ 111,701,000

اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/statements-releases/2021/08/03/fact-sheet-president-biden-announces-major-milestone-in-administrations-global-vaccination-efforts-more-than-100-million-u-s-covid-19-vaccine-doses-donated-and-shipped-abroad/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future