امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
22 اپریل 2023
امریکی دفتر خارجہ نے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں اپنے سفارت خانے کی کارروائیاں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں اور امریکہ کے تمام عملے اور ان کے اہلخانہ کو اپنی سلامتی کی ذمہ داری کے تحت بحفاظت وہاں سے نکال لیا ہے۔ اپنے کسی سفارت خانے میں کام معطل کرنا ہمارے لئے ہمیشہ ایک مشکل فیصلہ ہوتا ہے تاہم اپنے عملے کا تحفظ میری پہلی ترجیح رہی ہے۔ میں ںے اس عارضی اقدام کی ہدایت سوڈان کی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے مابین لڑائی کے باعث سلامتی کے لیے سنگین اور بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث دی ہے۔ وسیع پیمانے پر جاری لڑائی میں شہریوں کی بڑی تعداد ہلاک و زخمی ہوئی ہے، اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے اور وہاں ہمارے سفارت خانے کے عملے کو ناقابل قبول خطرہ لاحق ہے۔ میں سوڈان میں اپنی سفارتی ٹیم، امریکہ کی فوج اور اس انخلا کو انجام دینے والے امریکی حکومت کے تمام اداروں کی صلاحیت اور پیشہ وارانہ اہلیت کو سراہتا ہوں۔
ہم سوڈان میں موجود امریکہ کے لوگوں کو اپنے تحفظ کی مںصوبہ بندی میں مدد دیتے رہیں گے اور علاقے میں امریکہ کے شہریوں کو تازہ ترین حالات سے آگاہ رکھیں گے۔ ہم اپنے اتحادیوں، شراکت داروں اور سوڈان میں اپنے مقامی شراکت داروں کے عملے کا تحفظ یقینی بنانے کی کوششوں میں ان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔
میں فریقین پر زور دیتا ہوں کہ وہ عیدالفطر پر جنگ بندی کو فوری توسیع دے کر لڑائی کا پائیدار خاتمہ ممکن بنائیں تاکہ سوڈان کے لوگوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ ہم دونوں متحارب فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ان کی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہیں جن میں شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا بھی شامل ہے۔ امرکہ اس خطے کے ممالک اور عالمی برادری کے اشتراک سے اس جنگ کو ختم کرنے اور سویلین حکومت کی جانب منتقلی کے عمل کی کوششیں جاری رکھے گا۔
سوڈان میں امریکہ کے شہریوں سے متعلق سوالات ACSKhartoum@state.gov کو بھیجے جائیں۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/suspension-of-operations-at-embassy-khartoum/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
# # #
مجوزہ ٹویٹ:
وزیر خارجہ بلنکن: @SatateDept نے @USEmbassyKRT میں اپنی کارروائیاں معطل کے امریکہ کے تمام عملے اور ان کے اہلخانہ کو ملک سے نکال لیا ہے۔ ہم امریکیوں کو تحفظ میں مدد دیتے رہیں گے۔ ہم سوڈان کومزید نقصان سے بچانے کے لیے جنگ بندی میں وسعت کے لیے بھی دباؤ جاری رکھیں گے۔
(278/280)
ترجمان دفتر خارجہ: سوڈان کی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان لڑائی سے پیدا ہونے والے سلامتی اور تحفظ کے مسائل کے سبب ہم نے خرطوم میں اپنے سفارت خانے میں کام معطل کر کے امریکہ کے تمام عملے اور ان کے اہلخانہ کو ملک سے نکال لیا ہے۔ (بیان کا لنک)
(244/288)