امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
8 مارچ 2021
امریکہ ہر سال 8 مارچ کو عورتوں اور لڑکیوں کی قیادت، قوت اور جرات کا اعتراف کرتے ہوئے دنیا کے ساتھ خواتین کا عالمی دن مناتا ہے۔ امریکہ اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ سماجی، سیاسی اور معاشی زندگی میں خواتین کی مساوی شرکت ہماری مجموعی معاشرت کے امن اور خوشحالی کے لیے نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔
گزشتہ سال کوویڈ-19 نے عورتوں اور لڑکیوں کے تحفظ اور خوشحالی کو ایک غیرمتوقع مسئلے سے دوچار کیا ہے۔ گھر پر رہنے کے نتیجے میں گھریلو بدسلوکی کے پہلے سے زیادہ خطرے سے لے کر معاشیات اور روزگار سے متعلق پہلے سے زیادہ عدم تحفظ تک، عورتیں اور لڑکیاں اس وبا سے غیرمتناسب طور پر متاثر ہوئی ہیں۔ اس عدم مساوات کے باوجود خواتین نے بلامعاوضہ نگران، طبی کارکن، اساتذہ اور لازمی اہمیت کے دیگر عملے کی حیثیت سے اس وبا کے خلاف جنگ میں اگلی صفوں میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور آنے والے برسوں میں اپنے معاشروں کے فائدے کے لیے پائیدار تبدیلی لاتے ہوئے لوگوں کے وقار اور حقوق کی حمایت میں کام جاری رکھا ہے۔
مجھے اس سال جرات مند عورت کے 15ویں سالانہ ایوارڈ (آئی ڈبلیو او سی) کی تقریب کی میزبان کرتے ہوئے خواتین کا عالمی دن منانے پر بے حد خوشی ہے۔ اس سال یہ اعزاز حاصل کرنے والی خواتین نے واضح کر دیا ہے کہ جرات مند خواتین دنیا کو پہلے سے زیادہ بہتر بنانے کا محرک ہوتی ہیں۔ ان خواتین نے امن، انصاف، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حق میں کام کرتے ہوئے غیرمعمولی جرات اور قیادت کا مظاہرہ کیا اور اکثر اس مقصد کے لیے ذاتی خطرات مول لیے اور قربانی دی۔
ہم جانتے ہیں کہ جب خواتین بااختیار ہوتی ہیں تو وہ مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ مجھے اس سال آئی ڈبلیو او سی اعزاز حاصل کرنے والی ہر خاتون کے عظیم کام کو یاد کرنے پر فخر ہے اور یہ میری خاص عزت افزائی ہے کہ اس موقع پر خاتون اول ہمارے ساتھ ہوں گی۔
امریکہ نے یہ امر یقینی بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے کہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا ہماری خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مرکزی اصول ہوں۔ ہر روز کی طرح آج بھی ہم اندرون ملک اور دنیا بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے لیے اپنے عزم پر مضبوطی سے کاربند ہیں۔ امریکہ ہر عورت اور لڑکی کے طبی، معاشی، سیاسی اور انسانی حقوق کی حمایت اور انہیں ترقی دینے کے لیے تیار ہے کیونکہ جب خواتین بااختیار ہوتی ہیں تو اس سے ہم سب کو فائدہ ہوتا ہے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/celebrating-international-womens-day/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔