وائٹ ہاؤس
23 مئی، 2022
ہم خطہء ہند۔الکاہل سے تعلق رکھنے والے ممالک ــ امریکہ، آسٹریلیا، برونائی دارالسلام، انڈیا، انڈونیشیا، جاپان، جمہوریہ کوریا، ملائشیا، نیوزی لینڈ، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویت نام کو اپنی متحرک علاقائی معیشت کی فراوانی اور تنوع کا اندازہ ہے۔ ہم ایک آزاد، کُھلے، منصفانہ، جامع، باہم مربوط، مضبوط، محفوظ اور خوشحال خطہء ہند۔الکاہل سے مشترکہ وابستگی رکھتے ہیں جس میں پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے حصول کی صلاحیت موجود ہے۔ ہمیں اندازہ ہے کہ خطے میں ہمارے معاشی پالیسی سے متعلق مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور متواتر ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے شراکت دار ممالک کے مابین معاشی تعلقات کو مضبوط بنایا جانا بہت اہم ہے۔
ہمیں اندازہ ہے کہ کووڈ۔19 وباء نے مضبوطی، پائیداری اور جامیعت کی بنیاد پر معاشی بحالی اور ترقی یقینی بنانے کے لیے اکٹھے کام کرنے کی لازمی ضرورت کو واضح کر دیا ہے۔ وباء نے نوکریوں میں اضافے کی رفتار تیز کرنے اور ہمارے کارکنوں، خواتین، متوسط اور چھوٹے درجے کے کاروباروں اور ہمارے معاشروں کے انتہائی کمزور گروہوں سمیت سبھی کے لیے معاشی مواقع بہتر بناتے ہوئے معاشی مسابقت و تعاون اور تجارتی سامان کی ترسیل کے اہم سلسلوں کو محفوظ بنانے کی اہمیت بھی واضح کی ہے۔
طویل مدتی طور پر معاشی مسابقت کا بڑی حد تک تعین ٹیکنالوجی سے کام لینے، اختراع کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت میں شرکت، توانائی کے نظام کو درست طور سے تبدیل کرنے اور توانائی کا تحفظ ممکن بنانے اور موسمیاتی بحران پر اس انداز میں قابو پانے سے متعلق ہماری صلاحیت پر ہو گا جس سے مساوی اور جامع ترقی سامنے آئے اور سماجی معاشی بہبود کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
اپنی معیشتوں کو مستقبل کے لیے تیار کرتے ہوئے ہم ‘خوشحالی کے لیے ہند۔الکاہل معاشی فریم ورک’ قائم کرنے کا عمل شروع کر رہے ہیں۔
اس فریم ورک کا مقصد ہماری معیشتوں کے لیے مضبوطی، پائیداری، جامعیت، معاشی ترقی، انصاف اور مسابقتی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہم خطے میں تعاون، استحکام، خوشحالی، ترقی اور امن کے لیے مشترکہ کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
ہم ہند۔الکاہل سے تعلق رکھنے والے ایسے مزید شراکت داروں کو اس میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں جو خطے کے حوالے سے ہمارے جیسے مقاصد، مفادات اور عزائم کے مالک ہیں۔ ہم اس انداز میں اپنے فریم ورک کے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کا عزم رکھتے ہیں جس میں تکنیکی معاونت اور صلاحیت میں اضافے کی ضرورت کا اعتراف ہو، جس سے ہمیں لچک دار طریقہ ہائے کار سے کام لینے میں مدد ملے اور ہمارے لوگوں کے لیے ٹھوس فوائد کا حصول ممکن ہو سکے۔
آج ہم درج ذیل بنیادی نکات پر مستقبل میں ہونے والی بات چیت کے لیے اپنا اجتماعی تبادلہء خیال شروع کر رہے ہیں۔ فریم ورک کے شراکت دار متعدد انداز میں ایسی بات چیت میں شریک ہوں گے جس کا مقصد ان اہداف کے حصول کے لیے معاشی تعاون کو مضبوط کرنا ہے اور ہم ہند۔الکاہل میں اپنے ایسے دیگر شراکت داروں کو بھی اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں جنہیں اس میں دلچسپی ہے۔
تجارت: ہم تجارت اور ٹیکنالوجی سے متعلق پالیسی میں اعلیٰ معیار کے حامل، جامع، آزاد اور منصفانہ تجارتی وعدے چاہتے ہیں اور تجارت اور ٹیکنالوجی سے متعلق پالیسی میں ایسے نئے اور تخلیقی طریقہ ہائے کار سے کام لینے کے خواہاں ہیں جن سے ایسے وسیع مقاصد کو فروغ ملے جو معاشی سرگرمی اور سرمایہ کاری میں اضافے، پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے فروغ اور کارکنوں اور صارفین کو فائدہ پہنچانے میں معاون ہوں۔ اس سلسلے میں ہماری کوششیں ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے باہمی تعاون اور دیگر اقدامات پر مبنی ہوں گی۔
تجارتی سامان کی ترسیل کے نظام: ہم تجارتی سامان کی ترسیل کے اپنے نظاموں میں شفافیت، تنوع، تحفظ اور پائیداری کو بہتر بنانے کا عزم رکھتے ہیں تاکہ انہیں مزید مضبوط اور باہم یکجا کیا جا سکے۔ ہم بحرانی کیفیات سے نمٹنے کے اقدامات کو مربوط کرنے، معاشی سرگرمیوں میں آنے والے انتشار سے نمٹنے اور ان کے اثرات کو کم کرنے کی بہتر تیاری اور کاروباری تسلسل بہتر طور سے یقینی بنانے، انتظام و انصرام سے متعلق استعداد اور تعاون کو بہتر کرنے اور اہم نوعیت کے خام اور تیار شدہ مواد، سیمی کنڈکٹر، اہم معدنیات اور ماحول دوست توانائی کی ٹیکنالوجی تک رسائی یقینی بنانے کے لیے باہم تعاون کے خواہاں ہیں۔
ماحول دوست توانائی، ازالہء کاربن اور بنیادی ڈھانچہ: پیرس معاہدے میں اپنے اہداف اور اپنے لوگوں اور کارکنوں کے روزگار میں مدد دینے کی کوششوں کی مطابقت سے ہم نے ماحول دوست توانائی کی ٹیکنالوجی کی تیاری اور اس سے کام لینے کی رفتار تیز کرنے کا مںصوبہ بنایا ہے تاکہ اپنی معیشتوں کو کاربن کے اثرات سے پاک کیا جائے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے مقابل خود کو مضبوط بنایا جائے۔ اس میں ٹیکنالوجی، رعایتی مالی معاونت سمیت مالی وسائل اکٹھے کرنے اور پائیدار اور مضبوط بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں تعاون اور تکنیکی معاونت کی فراہمی کے ذریعے مسابقتی صلاحیت کو بہتر بنانے اور باہم ربط میں اضافے پر تعاون کو مضبوط کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
محصولات اور انسداد بدعنوانی: ہم خطہء ہند۔الکاہل میں ٹیکس سے گریز اور بدعنوانی کا خاتمہ کرنے کے لیے موثر اور مضبوط محصولات کے نفاذ، منی لانڈرنگ کے انسداد اور موجودہ کثیرفریقی ذمہ داریوں، معیارات اور معاہدوں کی مطابقت سے انسداد بدعنوانی کے نظام سے کام لیتے ہوئے منصفانہ مسابقت کے فروغ کا عزم رکھتے ہیں۔ اس میں مہارتوں کا تبادلہ اور جوابدہ اور شفاف نظام کو فروغ دینے کے لیے لازمی طور سے درکار ایسے طریقوں کی تلاش شامل ہے جن سے صلاحیت میں اضافے میں مدد ملتی ہو۔
ہم علاقائی معاشی ربط اور یکجائی میں اضافے کے ارادے سے اپنے مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کے لیے شراکت داروں کے مابین مشاورت کی بنیاد پر تعاون کے مزید شعبہ جات کی نشاندہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم مشترکہ طور پر سازگار حالات تخلیق کرنے کے منتظر ہیں تاکہ اپنی معیشتوں میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کی رفتار کو تیز کیا جائے اور معیارات اور ہمارے کارکنوں، کمپنیوں اور اپنی مشترکہ منڈیوں میں لوگوں کی مواقع تک رسائی کو بہتر بنایا جائے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://in.usembassy.gov/statement-on-indo-pacific-economic-framework-for-prosperity/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔