An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
برائے فوری اجراء
6 اپریل، 2022

امریکہ یہ یقینی بنانے کے لیے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ متحد ہے کہ روس کی حکومت یوکرین میں اس قدر موت اور تباہی لانے اور خاص طور پر بوچا اور دیگر جگہوں پر ہولناک مظالم کی کڑی قیمت چکائے۔

اس مقصد کے حصول کے لیے آج ہم روس کے دو اہم مالیاتی اداروں پر مکمل پابندیاں عائد کر رہے ہیں جن میں روس کا سب سے بڑا مالیاتی ادارہ سبیر بینک اور اس کے ذیلی ادارے اور روس میں نجی شعبے کا ایک سب سے بڑا مالیاتی ادارہ الفا بینک اور اس کے ذیلی ادارے شامل ہیں۔

یہ ادارے یوکرین کے خلاف صدر پیوٹن کی جارحیت کو برقرار رکھنے میں مدد دے رہے ہیں۔

اس اقدام کے تحت امریکہ کے تمام شہریوں کو عمومی طور پر سبیر بینک اور الفا بینک کے ساتھ لین دین کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ہم صدر ولاڈیمیر پیوٹن کے بالغ بچوں کیتیرینا تیخونووا اور ماریا وورونستووا، روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروو کی اہلیہ ماریا لاؤرووا اور ان کی بالغ بیٹی ایکاترینا لاؤرووا پر بھی پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔

امریکہ روس کی قومی سلامتی کونسل کے 21 ارکان کو بھی پابندیوں کے لیے نامزد کر رہا ہے جن میں سابق صدر دمتری میڈویڈیو اور وزیراعظم میخائل میشوسٹن بھی شامل ہیں جن کا کریملن کی سفاکانہ پالیسیوں اور ان کے نتیجے میں انسانی حقوق کی پامالی کے اقدامات میں نمایاں کردار اور اختیار رہا ہے۔

آخر میں، صدر بائیڈن کی جانب سے آج جاری کردہ انتظامی حکم روس میں نئی سرمایہ کاری پر بھی پابندی عائد کرتا ہے جس کے نتیجے میں روس مالیاتی اور معاشی طور پر دنیا میں مزید تنہا ہو جائے گا۔

نئی معاشی پابندیوں کا یہ اعلان یوکرین کو مزید بکتر بند شکن نظام مہیا کرنے کے لیے گزشتہ شب ہماری جانب سے نئی دفاعی امداد کی مد میں 100 ملین ڈالر فراہم کرنے کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔ یہ اگست 2021 کے بعد اب تک یوکرین کو امریکی محکمہ دفاع کے ذخیروں میں سے اسلحے، جنگی آلات اور سازوسامان مہیا کرنے کا تازہ ترین اقدام ہے۔ اس سے پہلے پانچ مرتبہ یوکرین کو یہ دفاعی امداد دی جا چکی ہے۔ اس طرح ستمبر کے بعد اب تک یوکرین کے لیے امریکہ کی دفاعی امداد کا حجم قریباً 2.5 بلین ڈالر ہو گیا ہے جبکہ 2014 کے بعد اب تک اس امداد کا حجم 4.5 بلین ڈالر بنتا ہے۔ امریکہ یوکرین کو روس کی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کی جانب سے مسلسل دی جانے والی مدد کو سراہتا ہے۔ ہم یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کے لوگوں کی دلیری اور بہادری کا اعتراف کرتے ہیں اور وہ یوکرین کے خلاف روس کی سفاکانہ جنگ میں اپنے ملک اور اپنی آزادی کا دفاع کر رہے ہیں۔

امریکہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر روس کے خلاف اس کے اقدامات کی پاداش میں معاشی تادیبی اقدامات جاری رکھے گا جن میں اس پر معاشی پابندیوں کا نفاذ شامل ہے۔ اس کے علاوہ یوکرین کے دفاع میں مدد کے طور پر اسے سلامتی کے شعبے میں امداد مہیا کی جائے گی جس کے ساتھ ساتھ اسے معاشی مدد اور یوکرین بھر میں روس کے بے رحمانہ مظالم سے بری طرح متاثر ہونے والے لوگوں کو انسانی امداد بھی مہیا کی جائے گی۔

آج کے اقدام کے بارے میں مزید معلومات لینے کے لیے براہ مہربانی محکمہ خزانہ کی پریس ریلیز ملاحظہ کیجیے۔


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/targeting-additional-russian-financial-institutions-officials-and-other-individuals/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future