وائٹ ہاؤس
22 اپریل 2023

آج میرے احکامات پر امریکہ کی فوج نے امریکی حکومت کے عملے کو خرطوم سے نکالنے کی کارروائی انجام دی۔ مجھے اپنے سفارت خانے کے عملے کے غیرمعمولی عزم پر فخر ہے جس نے ہمت اور پیشہ وارانہ اہلیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور سوڈان کے لوگوں کے ساتھ امریکہ کی دوستی اور تعلق کو عملی طور پر ثابت کیا۔ میں ان لوگوں کو کامیابی سے بحفاظت واپس لانے کے لیے اپنی فوج کے ارکان کی بے مثال صلاحیتوں کا مشکور ہوں۔ میں جبوتی، ایتھوپیا اور سعودی عرب کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں ںے ہماری اس کارروائی کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مجھے سوڈان میں موجود امریکی شہریوں کی ہر ممکن مدد کے لیے اپنی ٹیم کے کام کے بارے میں باقاعدگی سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ ہمیں اس کوشش میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کا قریبی تعاون حاصل ہے۔

سوڈان میں یہ المناک تشدد پہلے ہی سینکڑوں معصوم شہریوں کی زندگی کو نقصان پہنچا چکا ہے۔ اس کا کوئی جواز نہیں اور اسے بند ہونا چاہیے۔ متحارب فریقین فوری اور غیرمشروط جنگ بندی پر عمل کریں، امداد کی بلارکاوٹ رسائی ممکن بنائیں اور سوڈان کے لوگوں کی خواہشات کا احترام کریں۔ ہم سوڈان میں امریکہ کے سفارت خانے کی کارروائیاں عارضی طور پر معطل کر رہے ہیں لیکن سوڈان کے لوگوں اور اپنے مستقبل کے لیے ان کی خواہشات کے حوالے سے ہمارا عزم ہمیشہ قائم رہے گا۔


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/statements-releases/2023/04/22/statement-from-president-joe-biden-on-the-situation-in-sudan/ 

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future