An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
30 مارچ 2021

آج ”شام اور خطے کے مستقبل کی معاونت” کے موضوع پر پانچویں برسلز کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر لنڈا تھامس-گرین فیلڈ نے شامی بحران سے نمٹنے کے لیے نئی انسانی امداد کے طور پر مزید 596 ملین ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس طرح شام میں ایک دہائی سے جاری بحران کے آغاز سے اب تک امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ انسانی امداد کا مجموعی حجم 13 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس میں شام اور اس خطے میں کوویڈ-19 وبا سے نمٹنے کے لیے دی جانے والی قریباً 141 ملین ڈالر کی امداد بھی شامل ہے۔ امریکی امداد سے شام میں اُن 13.4 ملین لوگوں کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں اس امداد سے ترکی، لبنان، اردن، عراق اور مصر میں پناہ گزین شامی شہری بھی مستفید ہوں گے۔ ہم نے دنیا کے کمزور ترین لوگوں کی تکالیف میں کمی لانے کے لیے مدد پیش کی ہے کیونکہ ایسا کرنا بحیثیت قوم ہماری اقدار اور ہمارے قومی مفادات سے مطابقت رکھتا ہے۔ ہم دوسرے عطیہ دہندگان پر زور دیتے ہیں کہ وہ ان کوششوں میں مزید حصہ ڈال کر شام کے لوگوں کی مدد کریں

سفیر تھامس گرین-فیلڈ نے شام میں تمام ضرورت مند افراد تک بلا رکاوٹ انسانی رسائی اور انہیں امداد کی فراہمی کے لیے عالمی برادری کی ذمہ داری پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب ذرائع بشمول سرحد پار امداد کی فراہمی کے طریقے سے بھی کام لیا جانا چاہیے جو ضرورت مندوں تک رسائی کے لیے ضروری ہے۔ جولائی میں سرحد پار اختیار کی دوبارہ اجازت کا اجرا اور اسے وسعت دینا امریکہ کی ترجیح ہے

شام کے لوگوں نے بے شمار مظالم کا سامنا کیا ہے جن میں اسد حکومت اور روس کے فضائی حملے، جبری گمشدگیاں، داعش کا ظلم اور کیمیائی ہتھیاروں سے حملے شامل ہیں۔ مزید برآں اسد حکومت کے ہاتھوں منظم بدعنوانی اور معاشی بدانتظامی نے ملک میں ہولناک انسانی بحران میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ کوویڈ-19 کے مسئلے نے اس کی شدت مزید بڑھا دی ہے

امریکہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر شامی بحران کے سیاسی تصفیے اور اس کے مستقل حل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جیئر پیڈرسن کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 کی مطابقت سے کی جا رہی ہیں۔ کوئی ایسا عسکری حل موجود نہیں ہے جس سے شام اور اس خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی لائی جا سکے


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/u-s-announces-additional-humanitarian-assistance-for-the-syria-crisis-response/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future