An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

وائٹ ہاؤس
برائے فوری اجراء
2 نومبر، 2021
سکاٹش ایونٹ کیمپس
گلاسگو، سکاٹ لینڈ

1:36 دوپہر

صدر بائیڈن: ٹھیک، ارسلا نے جو کہا اس کی پیروی بہت آسان ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے بہت اچھی بات کہی ہے۔

دیکھیے، میں نہایت مختصر بات کروں گا۔ میں ارسلا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ تبدیلی لانے والے اس عہد پر دستخط کرنے پر آج یہاں موجود تمام لوگوں کا بہت شکریہ۔

ہم جو نہایت اہم کام کر سکتے ہیں ان میں سے ایک – اور میں اس بات کا حوالہ دیتا رہتا ہوں، جیسا کہ آپ میں بہت سے لوگ جانتے ہیں یہ فیصلہ کن دہائی ہے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم کہاں جا رہے ہیں۔ یہ محض اب اور 2050 کے درمیانی عرصے کا معاملہ نہیں ہے۔ ہم آج اور 2030 کے درمیان جو کچھ کریں گے اس کا بہت بڑا اثر اس بات پر ہو گا کہ آیا ہم اپنے طویل مدتی عہد کو پورا کر سکتے ہیں یا نہیں۔

ہم اس فیصلہ کن دہائی میں ایک اہم ترین کام یہ کر سکتے ہیں کہ عالمی حدت میں اضافے کو 1.5 ڈگری کی حد میں رکھا جائے اور جتنا جلد ہو سکے میتھین گیس کے اخراج میں کمی لائی جائے۔

جیسا کہ پہلے ہی کہا جا چکا ہے، یہ سب سے زیادہ طاقتور گرین ہاؤس گیسوں میں سے ایک ہے۔ ہم آج جس حدت کا سامنا کر رہے ہیں اس کے نصف کی ذمہ دار میتھین گیس ہے۔

اسی لیے ہم اکٹھے ہو کر 2030 تک میتھین کے اخراج میں 30 فیصد تک مجموعی کمی لانے کا عہد کر رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ غالباً ہم اس سے بھی بڑا ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔

ہم نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر اس کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت بتایا گیا تھا کہ نو ممالک نے اس پر دستخط کیے ہیں۔ آج یہ تعداد 80 سے بڑھ چکی ہے اور 100 تک پہنچ رہی ہے۔ دنیا میں خارج ہونے والی میتھین گیس کا قریباً نصف انہی ممالک میں پیدا ہوتا ہے اور عالمی جی ڈی پی میں ان ممالک کا حصہ 70 فیصد ہے۔

اس سے بہت بڑا فرق پڑے گا۔ صرف موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے میں ہی نہیں جیسا کہ ارسلا نے تذکرہ کیا بلکہ لوگوں کی جسمانی صحت اور بہت سی دیگر چیزوں میں بھی بہتری آئے گی۔ اس سے صحت بہتر ہو گی، استھما میں کمی آئے گی اور سانس کی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس سے غذائی ترسیل بہتر ہو گی، فصلوں کا نقصان کم ہو گا اور زمینی آلودگی میں بھی کمی لائی جا سکے گی۔ اس سے ہماری معیشتوں کو فروغ ملے گا، کاروباری اداروں کو رقم کی بچت ہو گی، میتھین گیس کے اخراج کو محدود کیا جا سکے گا، میتھین کو قابو میں لا کر آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کیے جا سکیں گے اور ہمارے کارکنوں کے لیے اچھی اجرت والی نئی یونین نوکریوں کے مواقع تخلیق ہوں گے۔

ہم میتھین کا کھوج لگانے والی نئی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی نوکریوں اور تیل کے متروک کنوئیں بند کرنے اور ہزاروں میل پر پھیلی تیل خارج کرنے والی پائپ لائنوں کی مرمت کے لیے پائپ فٹر اور ویلڈر کی یونین والی نوکریوں کی بات کر رہے ہیں۔

یہ میری انتظامیہ کے آغاز سے ہی ہمارا بنیادی وعدہ رہا ہے۔ یہ ایک ایسی چیز ہے جسے لے کر میں نے اپنی صدارتی مہم چلائی تھی۔ آج میں امریکہ میں میتھین کے اخراج میں کمی لانے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کر رہا ہوں۔

ہم دو نئے قوانین تجویز کر رہے ہیں۔ ان میں ایک تحفظِ ماحول کے ادارے کے ذریعے لایا جانا ہے جو تیل و گیس کی نئی اور موجودہ پائپ لائنوں سے میتھین گیس کے اخراج کو کم کرنے کے اقدامات کر رہا ہے۔ دوسرا قانون محکمہ نقل و حمل کے ذریعے لایا جائے گا تاکہ قدرتی گیس کی پائپ لائنوں سے ممکنہ اور خطرناک اخراج کو کم کیا جا سکے۔

ہم ماحول دوست زرعی طریقہ ہائے کار متعارف کرانے اور کھیتوں سے میتھین کی مقدار کم کرنے کے لیے اپنے کسانوں اور گلہ بانوں کے لیے نئے اقدامات بھی شروع کر رہے ہیں۔ کھیت کھلیان بھی میتھین کے اخراج کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔

یہ سب کچھ میتھین گیس کے اخراج میں کمی لانے سے متعلق ہماری نئی حکمت عملی کا حصہ ہے جس میں ہمیں ہزاروں تربیت یافتہ کارکنوں کو امریکہ بھر میں نوکریاں دے کر میتھین کے اخراج کے سب سے بڑے ذریعے کو محدود کرنا ہے اور میں توقع رکھتا ہوں کہ آپ بھی اپنے ممالک میں یہی کچھ کریں گے۔

چنانچہ میں ایک مرتبہ پھر یہ دہراتے ہوئے اپنی بات ختم کرنا چاہوں گا کہ ہم یہ سب کچھ صرف اپنے ماحول اور اپنے مستقبل کو محفوظ رکھنے کے لیے ہی نہیں کر رہے بلکہ یہ سبھی ممالک کے لیے نوکریاں تخلیق کرنے اور موسمیاتی حوالے سے طے کردہ اہداف کے حصول کو عالمی معیشت کی بحالی کا بنیادی حصہ بنانے کا بہت بڑا موقع ہے۔

امریکہ یہ یقینی بنانے کے لیے آپ میں سے ہر ملک کے ساتھ کام کرنے کا مشتاق ہے کہ ہم اس ہدف کو حاصل کریں اور زیادہ سے زیادہ ممالک کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ دنیا بھر میں میتھین گیس کے اخراج میں کمی لانے کے عزم میں ہمارا ساتھ دیں کیونکہ بہت سے دیگر ممالک بھی ہمارے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں اور انہیں ہونا چاہیے۔

لہٰذا میں ایک مرتبہ پھر آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن بہت سی باتیں پہلے ہی کہی جا چکی ہیں۔ تاہم اس شراکت پر آپ کا شکریہ۔ اس عزم کے اظہار پر آپ کا شکریہ۔

اب میں سیکرٹری کیری کو دوبارہ بات کرنے کی دعوت دوں گا۔ کیا وہ یہیں ہیں؟ وہ وہاں ہیں۔

میں آپ سبھی کا بہت مشکور ہوں۔ (تالیاں)

1:41 دوپہر


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/speeches-remarks/2021/11/02/remarks-by-president-biden-at-an-event-highlighting-the-progress-of-the-global-methane-pledge/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future