امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
4 نومبر، 2021
ابھی تک کسی ملک نے صنفی مساوات قائم نہیں کی لیکن حال ہی میں امریکہ نے صنفی انصاف اور مساوات سے متعلق پہلی قومی حکمت عملی (صنفی حکمت عملی) شروع کر کے صنفی تقسیم ختم کرنے کے لیے تاریخی قدم اٹھائے ہیں۔ صنفی حکمت عملی اندرون و بیرون ملک ہر طرح کی خواتین، لڑکیوں اور ہم جنس پرست خواتین اور مردوں، دو جنسی رحجانات کے حامل لوگوں، مخنثوں، کوئیر، بین جنس افراد اور ایسے دیگر لوگوں (ایل جی بی ٹی کیو آئی پلس) کے حقوق اور ان کے لیے مواقع کو فروغ دینے کے لیے امریکی حکومت کے عزم کو واضح کرتی ہے اور اس سے ہمارا یہ دیرینہ اعتقاد تقویت پاتا ہے کہ صنفی انصاف اور مساوات دونوں اخلاقی اور تزویراتی لازمے ہیں۔
اب جبکہ ہم کووڈ۔19 وباء سے بہتر طور پر بحالی اور موسمیاتی بحران، معاشی انتشار، جمہوری زوال، انسانی حقوق کی پامالی اور جنگ اور انسانوں کو درپیش دیگر ہنگامی حالات سمیت دنیا کے چند انتہائی اہم مسائل سے نمٹ رہے ہیں تو ایسے میں صںفی انصاف اور مساوات کی لازمی اہمیت ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ جو حکومتیں سماج کے تمام لوگوں کو حقوق دینے میں جس قدر زیادہ فعال ہوتی ہیں وہ ان عالمگیر مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی دوسروں سے زیادہ تیار ہوتی ہیں۔ صنفی حکمت عملی کا آغاز امریکہ کی جانب سے جنس، نسل، قومیت، جنسی رحجان، صنفی شناخت یا اظہار، معذوری اور سماجی و معاشی درجے سے قطع نظر تمام افراد کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اپنے عزم کی ازسرنو توثیق بھی ہے۔
صنفی حکمت عملی ایک جامع کُل حکومتی طریقہ کار بھی سامنے لاتی ہے اور ہر ادارے پر اس حوالے سے ٹھوس عملدرآمدی منصوبے بنانے پر زور دیتی ہے۔ امریکی دفتر خارجہ عورتوں، لڑکیوں، ایل جی بی ٹی کیو آئی پلس افراد اور مرد ساتھیوں نیز شراکت دار حکومتوں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے تعاون سے اس ایجنڈے کو دنیا بھر میں فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔ ہر طرح کی عورتوں، لڑکیوں اور ایل جی بی ٹی کیو آئی پلس افراد کے حقوق کو فروغ دے کر ہم مجموعی خوشحالی، صحت، تحفظ اور اپنی قوم اور پوری دنیا کی سلامتی کو بہتر بنائیں گے۔
صںفی انصاف اور مساوات پر قومی حکمت عملی کا لنک: https://www.whitehouse.gov/wp-content/uploads/2021/10/National-Strategy-on-Gender-Equity-and-Equality.pdf
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/the-first-national-strategy-on-gender-equity-and-equality/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔