امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
4 اپریل، 2023
اِس تاریخی دن نیٹو کے قیام کی 74ویں سالگرہ مناتے ہوئے ہم فن لینڈ کا نیٹو کے 31 ویں اتحادی کی حیثیت سے خیرمقدم بھی کرتے ہیں۔ فن لینڈ ہمارے اتحاد کے اندر رہتے ہوئے مضبوط و محفوظ تر ہے اور فن لینڈ جیسے اتحادی کے ساتھ یہ اتحاد مضبوط و محفوظ تر ہے۔ فن لینڈ کے پاس انتہائی لائق فوج ہے اوراس نے نیٹو کے زیرقیادت کارروائیوں میں فعال طور سے شرکت کی ہے۔ اس کے علاوہ فن لیںڈ اور ہماری اقدار اور مضبوط جمہوری روایات بھی یکساں ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ فن لینڈ کی رکنیت سے ہمارا اجتماعی دفاع مزید مضبوط ہو جائے گا اور یورو۔اوقیانوس خطے میں سلامتی کو لاحق مسائل سے نمٹنے کے لیے ہماری اہلیت بڑھ جائے گی۔
گزشتہ برس یوکرین میں روس کے مزید حملے سے وہی کچھ ہوا جس سے صدر پیوٹن بچنا چاہتے تھے یعنی اوقیانوس کے آر پار اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہو گیا۔ سویڈن بھی ایک مضبوط اور اہل شراکت دار ہے جو نیٹو میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔ ہم ترکیہ اور ہنگری پر زور دیتے ہیں کہ وہ تاخیر کے بغیر سویڈن کے نیٹو کے ساتھ الحاق کی توثیق کریں تاکہ جتنا ملد ممکن ہو ہم سویڈن کا اتحاد میں خیرمقدم کر سکیں۔
نیٹو نے 70 سال سے زیادہ عرصہ سے یورپ میں امن اور استحکام برقرار رکھنے میں مدد دی ہے۔ اس نے دنیا بھر میں استحکام اور قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اتحاد میں فن لینڈ کی رکنیت سے ان مشترکہ مقاصد کو فروغ ملے گا۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/finlands-accession-to-nato/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔