Homeاُردو ...موسمیاتی امور پر خصوصی صدارتی نمائندے جان کیری کا دورہ انڈیا اور وزیراعظم اور اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں hide موسمیاتی امور پر خصوصی صدارتی نمائندے جان کیری کا دورہ انڈیا اور وزیراعظم اور اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں اُردو ترجمہ 8 اپریل 2021 امریکی دفتر خارجہ دفتر برائے ترجمان 8 اپریل، 2021 موسمیاتی امور پر خصوصی صدارتی نمائندے جان کیری نے اس ہفتے انڈیا کا دورہ کیا اور انڈیا کے وزیراعظم نریندرا مودی سے ملاقات کی۔ انہوں ںے موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے امریکہ-انڈیا تعاون اور موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر 23۔22 اپریل کو صدر بائیڈن کی بلائی عالمی رہنماؤں کی کانفرنس اور اس سال کے آخر میں موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے فریقین کی 26ویں کانفرنس (سی او پی 26) اور اس معاملے پر دیگر اقدامات کے حوالے سے عالمگیر عزم ابھارنے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خصوصی صدارتی نمائندے کیری اور وزیراعظم مودی نے یہ اعلان کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کی مشترکہ خواہش اور دونوں ممالک کی باہم مربوط قوت کے ہوتے ہوئے امریکہ اور انڈیا تحفظ ماحول کے لیے 2030 تک کئی طرح کی صاف اور ماحول دوست ٹٰیکنالوجی کی تیاری کے ایجنڈے پر تخلیقی طور سے تعاون کر سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے حکام ایسے طریقے ڈھونڈیں گے جن کے ذریعے وہ اس اہم دہائی میں موسمیاتی امور اور صاف توانائی کے شعبے میں اپنی شراکت کو مضبوط بنا سکیں۔ خصوصی صدارتی نمائندے کیری نے انڈیا کے ساتھ پائیدار جامع عالمگیر تزویراتی شراکت کے لیے صدر بائیڈن کی حمایت اور دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدام کی مشترکہ قیادت کی اہمیت واضح کی۔ خصوصی صدارتی نمائندے کیری نے کہا کہ امریکہ 2020 میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے سے متعلق انڈیا کے پرعزم ایجنڈے کی حمایت کرتا ہے جس میں وزیراعظم مودی کی جانب سے اس دہائی کے آخر تک 450 گیگا واٹ قابل تجدید توانائی کے حصول کا اعلان کردہ ہدف خاص طور پر اہم ہے۔ انہوں نے اس اہم دہائی میں موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے پُرعزم اقدام کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جس کے مطابق تمام ممالک کو اپنے قومی حالات کی مطابقت سے اپنے ہاں ماحول کا درجہ حرارت پیرس معاہدے میں طے کردہ حد میں رکھنا ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات سے بچا جا سکے۔ خصوصی صدارتی نمائندے کیری نے صاف توانائی کے انقلاب کی رفتار تیز کرنے اور اچھے معاوضوں والی لاکھوں یونین نوکریاں تخلیق کرنے کے لیے امریکہ کی تاریخی سرمایہ کاری سے متعلق صدر بائیڈن کا تصور پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں بہت سے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھرپور اتفاق پایا گیا جس میں خاطرخواہ مقدار میں صاف توانائی کا استعمال، ماحول دوست طریقے اپنانے اور اس سلسلے میں لچک دار اقدامات کے لیے باہمی تعاون اور اختراع نیز توانائی ذخیرہ کرنے، ماحول دوست ہائیڈروجن، ماحول کے لیے مضر اقدامات سے پاک صنعتی عمل اور پائیدار شہرکاری اور زراعت کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی میں اضافہ شامل ہے۔ سیکرٹری کیری نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر عالمی رہنماؤں کی کانفرنس میں وزیراعظم مودی کی شرکت اور گلاسگو میں ہونے والی سی او پی 26 کو کامیاب بنانے کے لیے انڈیا کے تعمیری کردار کے حوالے سے صدر بائیڈن کا خیرمقدمی پیغام پہنچایا۔ خصوصی صدارتی نمائندہ کیری نے وزیراعظم مودی کے ساتھ ملاقات کے علاوہ انڈیا کے وزیر برائے ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی پرکاش جاوادیکر، وزیر خزانہ نرملا سیتھارامن، وزیر برائے خارجہ امور سبرامنیم جے شنکر، وزیر برائے پٹرولیم، قدرتی گیس و سٹیل دھرمندرا پرادھان، وزیر برائے توانائی اور نئی و قابل تجدید توانائی راج کمار سنگھ، وزیر برائے ریلوے، تجارت و صنعت پیوش گوئل، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری پرمود کمار مشرا اور این آئی ٹی آئی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت سے بھی ملاقاتیں کیں۔ خصوصٰ صدارتی نمائندے کیری نے دورے کے آخر میں کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا جس میں توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں خواتین رہنماؤں سے بات چیت بھی شامل ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندے معلومات کے لیے براہ مہربانی ClimateComms@state.gov پر رابطہ کریں۔ اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/special-presidential-envoy-for-climate-john-kerrys-visit-to-india-and-meetings-with-prime-minister-and-top-officials-in-the-government-of-india/ یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔