An official website of the United States Government Here's how you know

Official websites use .gov

A .gov website belongs to an official government organization in the United States.

Secure .gov websites use HTTPS

A lock ( ) or https:// means you’ve safely connected to the .gov website. Share sensitive information only on official, secure websites.

وائٹ ہاؤس
نائب صدر کا دفتر
واشنگٹن، ڈی سی
9 دسمبر 2021

ساؤتھ کورٹ آڈیٹوریم
آئزن ہاور ایگزیکٹو آفس بلڈنگ

1:34 سہ پہر ای ایس ٹی

نائب صدر: گورنر جینیٹ مِلز آپ کا شکریہ۔ آپ سے مل کر خوشی ہوئی اور میں آپ کے قائدانہ کردار اور دوستی کی مشکور ہوں۔

سبھی کو سہ پہر بخیر۔ جمہوریت کے سربراہی اجلاس کے پہلے دن کا اختتام کرتے ہوئے دنیا بھر سے آئے رہنماؤں کے ساتھ موجودگی میرے لیے ایک اعزاز ہے۔

جیسا کہ میں آپ میں سے بہت سوں کے ساتھ پہلے بھی تبادلہ خیالات کر چکی ہوں کہ میں سمجھتی ہوں کہ ہماری دنیا میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ ایک ایسا دور ہے جس میں ہمیں نئے مسائل کا سامنا ہو گا، ہمارے لیے نئے مواقع کُھلیں گے اور یہ باہمی ربط اور باہمی انحصار کا دور ہو گا۔

میں سمجھتی ہوں کہ اس نئے دور میں جمہوریت ہماری دنیا کی بہترین امید ہے۔ ایسا اس لیے نہیں کہ جمہوریت ہر لحاظ سے ایک مکمل نظام ہے بلکہ اس کے اصول اور لوگوں کے کام آنے کی اہلیت اسے بہترین بناتی ہے۔

جمہوریت انسانی حقوق کا تحفظ کرتی ہے اور انسانی وقار کو فروغ دیتی ہے۔ یہ امن اور خوشحالی لانے کا ایک ذریعہ ہے۔ یہ کووڈ۔19 سے لے کر موسمیاتی بحران تک ہمارے بہت بڑے مسائل حل کرنے کا ذریعہ ہے۔

تاہم اس کے بارے میں خاص طور پر تشویش کی یہ بات ہے کہ اس وقت جمہوریت خطرے میں ہے اور گزشتہ 15 سال سے تنزلی کا شکار ہے۔

دنیا بھر میں آمر دلیر بن گئے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ بدعنوانی ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہے اور گمراہ کن معلومات عوامی اعتماد کو کمزور کر رہی ہیں۔

اس لیے یہ ہمارا انفرادی اور اجتماعی فرض بنتا ہے کہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔

یہاں امریکہ میں ہم جانتے ہیں کہ ہماری جمہوریت خطرات سے محفوظ نہیں ہے۔ 6 جنوری ہمارے اجتماعی ضمیر پر چھایا ہوا ہے۔

بہت سی ریاستوں کی جانب سے منظور کردہ رائے دہندگان مخالف قوانین امریکی شہریوں کو ہماری جمہوریت میں شرکت سے خارج کرنے کی دانستہ کوشش کا حصہ ہیں۔

ہماری جمہوریت میں اور ہر جمہوریت میں ایک نمائندہ حکومت اور ووٹ دینے کا حق بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

اس لیے ہر اہل امریکی شہری کو اس حق تک رسائی دینا ہماری انتظامیہ کی اولین ترجیح اور ایک ایسی کوشش ہے جس کی قیادت کرنے پر مجھے فخر ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ ووٹ کا حق مسلم نہیں ہے بلکہ ہر موڑ پر اس کی حفاظت ہونی چاہیے اور اسے مضبوط بنایا جانا چاہیے۔ اسی لیے ہمارے محکمہ انصاف نے رائے دہندگی سے متعلق وفاقی قوانین کے نفاذ کی کوششوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ہماری حکومت کی انتظامی شاخ ووٹ دینےکے حق کو مستحکم کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھا رہی ہے۔

تاہم اس کے لیے محض انتظامی اقدام کافی نہیں ہے۔ اس مقصد کے لیے ہماری کانگریس کو بھی عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔

اس وقت کانگریس کے پاس دو قوانین منظوری کے لیے موجود ہیں جن میں ووٹ دینے کی آزادی کا قانون اور رائے دہندگی کے فروغ سے متعلق جان لوئس قانون شامل ہیں۔

یہ دونوں قوانین یہ یقینی بنانے میں مدد دیں گے کہ ووٹ دینے کا اہل ہر امریکی شہری انتخابات میں اپنی رائے کا اظہار کر سکے اور اس کا ووٹ ایک آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخاب کے ذریعے گِنا جائے۔

صدر اور میں آج دنیا کے سامنے ان قوانین کی فوری منظوری کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں۔

ہم جانتے ہیں کہ اندرون ملک ہمارا کام ہمیں دنیا کی نظروں میں مزید مضبوط بنائے گا۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہماری جمہوریت کی طاقت دنیا بھر کی جمہوریتوں کی قوت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔

اسی لیے ہم ہر جگہ جمہوریت کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے یکساں طور پر پُرعزم ہیں۔ ان میں بدعنوانی جیسے خطرات بھی شامل ہیں جو عوامی اعتماد کو تباہ کرتی ہے، عدم مساوات کو بڑھاتی ہے اور ممالک اور پورے خِطوں کو غیرمستحکم کر سکتی ہے۔

سوموار کو ہماری انتظامیہ نے بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے امریکہ کی پہلی حکمت عملی کا اجراء کیا۔ اس حکمت عملی کے ذریعے ہم بدعنوانی سے متعلق اپنی سمجھ بوجھ بڑھائیں گے اور اس خطرے کے بین الاقوامی رخ پر توجہ مرکوز کریں گے اور میں دنیا بھر کے رہنماؤں کے ساتھ اپنے کام کی بدولت جانتی ہوں کہ ایسا کرنا ضروری ہے۔

مزید برآں، چونکہ انسانی حقوق اور جمہوریت کا ایک دوسرے سے چولی دامن کا ساتھ ہے، اس لیے امریکہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں بھی دوبارہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔

باہم مِل کر ہمیں معذور افراد کے حقوق، رنگ دار اور مقامی لوگوں کے حقوق، ایل جی بی ٹی کیو آئی پلس افراد اور خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔

میں نے مارچ میں خواتین کی صورت احوال پر اقوام متحدہ کے کمیشن سے خطاب کیا۔ تب میں نے جو کچھ کہا تھا وہی میں دوبارہ کہوں گی، ”میں اس بات پر پورا یقین رکھتی ہوں کہ خواتین کی صورتحال جمہوری صورتحال کی عکاس ہوتی ہے اور فیصلہ سازی کے عمل سے خواتین کا اخراج ناقص جمہوریت کی علامت ہے اور خواتین کی بھرپور شرکت جمہوریت کو مضبوط بناتی ہے۔

اس مقصد کے لیے ہماری انتظامیہ نے صنفی انصاف اور مساوات سے متعلق پہلی قومی حکمت عملی کی ابتدا کی ہے۔

ہم منصفانہ حقوق کے دفاع کے لیے کام کر رہے ہیں جن میں تولیدی حقوق بھی شامل ہیں جنہیں امریکہ میں سنگین خطرے کا سامنا ہے۔ ہم کاروبار زندگی میں خواتین اور لڑکیوں کی بھرپور شرکت کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

چنانچہ آج میں اپنی بات ایک مختصر قصے پر ختم کروں گی۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، اس ہفتے اولف شولز نے جرمنی کے چانسلر کا عہدہ سنبھالا ہے۔ صدر اور میں دونوں ان کے ساتھ اسی طرح کام کرنے کے متمنی ہیں جیسا کہ ہم ان کی پیشرو کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔

میں نے اس سال جولائی میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا یہاں واشنگٹن ڈی سی میں اپنی رہائش گاہ پر خیرمقدم کیا تھا۔ اس موقع پر ہم نے اپنے اپنے ممالک اور دنیا بھر میں جمہوریت کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ میں نے انہیں بتایا کہ میں سمجھتی ہوں جمہوریت بیک وقت مضبوطی اور نزاکت سے عبارت ہے۔

یہ ایک فکر انگیز اور موثر گفتگو تھی اور اس کے ساتھ ساتھ یہ انتہائی نجی تبادلہ خیال بھی تھا۔ چانسلر نے مجھے بتایا کہ ‘فولادی پردے’ کے پیچھے زندگی گزارنے کا تجربہ کیسا تھا اور میں نے انہیں بتایا کہ شہری حقوق کی تحریک نے میری پرورش میں کیا کردار ادا کیا۔

اگرچہ ہم مختلف زمانوں میں، مختلف مقامات پر اور مختلف حالات میں پلی بڑھیں تاہم ہماری زندگیوں میں جمہوریت کی اہمیت تب بھی واضح تھی اور آج بھی ہے۔

اپنی دنیا کے رہنماؤں کی حیثیت سے جمہوریت کو لاحق موجودہ خطرات سے نمٹنے اور اس نئے دور میں اس نظام کی اہمیت اور قوت کو ثابت کرنے کے لیے کام کرتے ہوئے ہم سب کو یاد رکھنا ہو گا کہ جمہوریت نہ تو کوئی مجرد تصور ہے اور نہ ہی یہ کسی جامد حالت کا نام ہے۔

جمہوریت لوگوں کی زندگی کا حصہ ہوتی ہے۔ جمہوریت عوام کا نام ہے اور جمہوریت ہی ہماری بہترین امید ہے۔

اس لیے آگے بڑھتے ہوئے وہ کام کریں جن کا جمہوریت تقاضہ کرتی ہے۔ آئیے کام کریں اور باہم مِل کر لوگوں کے کام آئیں۔

آپ کا شکریہ۔

اختتام 1:41 سہ پہر ای ایس ٹی


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/speeches-remarks/2021/12/09/remarks-by-vice-president-harris-at-the-summit-for-democracy/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی درست سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future