امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
ترجمان نیڈ پرائس کا بیان
4 فروری، 2022
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن 7 تا 13 فروری آسٹریلیا، فجی اور ہوائی کا دورہ کریں گے جہاں وہ ہند۔ الکاہل میں امریکہ کے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ خطے بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ پر بات چیت کریں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ یہ شراکتیں لوگوں کو فوائد پہنچانے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
وزیر خارجہ بلنکن 9 تا 12 فروری ‘کواڈ’ کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شریک ہوں گے جس کی میزبان آسٹریلیا کی وزیر خارجہ میریس پیئن ہیں۔ ہم ‘کواڈ’ میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مِل کر اپنے لوگوں اور خطے کو فوائد پہنچا رہے ہیں جس میں کووڈ۔19 ویکسین کی فراہمی میں تعاون کا فروغ، انسانی امداد/ آفات میں مدد، سمندری سلامتی، انسداد دہشت گردی، سائبر سکیورٹی، غلط اطلاعات کے پھیلاؤ کے خلاف اقدامات، موسمیاتی تبدیلی اور اہم اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون شامل ہے۔
وزیر خارجہ بلنکن آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن، وزیر خارجہ پیئن، جاپان کے وزیر برائے خارجہ امور ہایاشی یوشی ماسا، انڈیا کے وزیر برائے خارجہ امور سبرامنیم جے شنکر اور دیگر اعلیٰ سطحی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں بہت سی دوطرفہ اورعالمگیر ترجیحات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ ملیبورن میں طلبہ، علمی ماہرین اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خارجہ بلنکن 12 فروری کو فجی میں بحرالکاہل کے جزائر سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران موسمیاتی تبدیلی، کووڈ۔19 کے خاتمے، آفات میں امداد اور خطے میں جمہوریت، علاقائی یکجہتی اور خوشحالی سے متعلق ہمارے مشترکہ عزم کو تقویت دینے کے طریقوں پر بات چیت ہو گی۔ وزیر خارجہ فجی کے وزیراعظم جوسایا ووریکے ”فرینک” بائنیماراما سے بھی ملیں گے اور اس موقع پر دوطرفہ تعلق کو مضبوط بنانے اور ہند۔ الکاہل کی آزاد اور کُھلے خطے کی حیثیت سے ترقی پر بات چیت کریں گے۔ یہ 1985 کے بعد امریکہ کے کسی وزیر خارجہ کا فجی کا پہلا دورہ ہو گا۔
وزیر خارجہ بلنکن 12 فروری کو ہونولولو، ہوائی میں امریکہ۔ جاپان۔ جنوبی کوریا کے سہ فریقی وزارتی اجلاس میں جاپان کے وزیر خارجہ ہایاشی اور جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چَنگ اوئی۔ یونگ کی میزبانی کریں گے۔ اس اجلاس میں شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام سے لاحق خطرات سے نمٹنے اور 21ویں صدی میں درپیش مسائل سے دنیا بھر میں اکٹھے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ بلنکن وزیر خارجہ چَنگ اور ‘یوایس انڈوپیکوم’ کے کمانڈر ایڈمرل جان ایکویلینو کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/secretary-blinken-to-travel-to-australia-fiji-and-hawaii/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔