امریکہ کا محکمہ خارجہ
ترجمان کا دفتر
اہم نکات کا خلاصہ
13 اکتوبر 2023
مندرجہ ذیل نکات ترجمان میتھیو ملر سے منسوب ہیں:
وزیر خارجہ اینٹونی جے بلنکن نے آج عمان میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے اسرائیل کے خلاف حماس کے گھناؤنے دہشت گردانہ حملوں کی امریکہ کی طرف سے دوٹوک الفاظ میں مذمت کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے تصادم کو پھیلنے سے روکنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ کی جانے والی رابطہ کاری کی امریکی کوششوں کی تفصیلات بھی بیان کیں۔
وزیر خارجہ نے فلسطین کے سویلین متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حماس فلسطینی عوام کے وقار، آزادی، انصاف اور خود ارادیت کے جائز حق کی نمائندگی نہیں کرتی۔
وزیر خارجہ نے صدر عباس اور ان کی ٹیم کا فلسطینیوں، اسرائیلیوں، اور اُن دسیوں ہزاروں امریکیوں کے فائدے کے لیے حالات کو مزید پرسکون بنانے کے لیے کیے جانے والے ان کے کام کا شکریہ ادا کیا جو مغربی کنارے کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ وزیر خارجہ بلنکن نے فلسطینی قیادت اور لوگوں کے ساتھ سب کی سلامتی کو یقینی بنانے کی کوششوں میں تعاون کرنے کےامریکی عزم کا اعادہ کیا۔
اصل عبارت پڑھنے کا لِنک: https://www.state.gov/secretary-blinkens-meeting-with-palestinian-authority-president-abbas/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔