امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
یکم جون، 2022
50 برس سے زیادہ عرصہ سے دنیا بھر کے لوگ ‘پرائیڈ مہینہ’ منانے کے لیے اکٹھے ہوتے چلے آئے ہیں۔ اس موقع پر ہم ایل جی بی ٹی کیو آئی+ برادریوں کے خوبصورت تنوع کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کے ساتھ یہ اعتراف بھی کرتے ہیں کہ ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے انسانی حقوق کو فروغ دینے کی تحریک بیک وقت جدوجہد اور ترقی سے عبارت رہی ہے۔ پرائیڈ مہینہ سٹون وال شورش کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 1969 میں ایک مہلک اور اہم دن تھا جب ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد نے پولیس کی بدسلوکی اور امتیازی رویے کے خلاف مزاحمت کی۔ ان کے احتجاج کا نتیجہ انسانی حقوق کی ایک تحریک کے آغاز کی صورت میں نکلا۔ بالاآخر اس تحریک نے ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے انسانی حقوق کے بھرپور اعتراف اور خود امریکہ کی جمہوریت کو مضبوط بنانے میں مدد دی۔ جب لوگوں کو ان کے جنسی رحجان، صنفی شناخت یا اظہار یا جنسی خصوصیات سے قطع نظر معاشرے کے آزاد اور مساوی رکن تسلیم کیا جاتا ہے تو ملک مزید مضبوط ہو جاتے ہیں۔
دنیا بھر میں ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد سے ہونے والا سلوک آج کے دور میں انسانی حقوق کا ایک نمایاں مسئلہ ہے۔ ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کوششیں کرنے والے لوگ حملے کا خاص نشانہ ہوتے ہیں۔ آج بہت سے ممالک میں ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد سے متعلقہ معلومات ممنوع ہیں اور ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد سے متعلق امور اور مسائل کا اظہار سنسر کیا جاتا ہے۔ اکثر اوقات حکومتیں پرائیڈ تقریبات پر خود پابندی عائد کرتی ہیں یا نفرت کے زیراثر لوگوں کے ذریعے ان میں پرتشدد انداز میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں۔
دفتر خارجہ دنیا بھر میں ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے انسانی حقوق کو فروغ دینے سے متعلق صدر بائیڈن کی یادداشت کی مطابقت سے ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ نے لوگوں کو اپنی صنفی شناخت کی خود تصدیق کی اجازت دینے کے لیے امریکی پاسپورٹ کے لیے درخواست کی پالیسیوں کو بہتر بنایا ہے اور صنفی شناخت کے خانے میں ”ایکس” لکھنے کی پیشکش کی ہے۔ ہم نے انسانی حقوق سے متعلق رپورٹوں کا اجراء کیا جن میں ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے انسانی حقوق کی پامالیوں کا مفصل تذکرہ ہے۔ جب ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کو ناجائز طور پر گرفتار کیا گیا تو ہم نے عدالتی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ ہم نے اس امر کی توثیق نو کی کہ ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد اور ان کے اہلخانہ مکمل مساوات کے حق دار ہیں اور ہم شادی سے متعلق مساوات کی وکالت کرنے والے مقامی لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ جب ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے خلاف نفرت پر مبنی جرام ہوئے تو ہم نے متاثرین کے حق میں آواز بلند کی۔ ہم نے ایک سنگ میل بھی عبور کیا جو یہ تھا کہ مساوات سے متعلق عالمی فنڈ نے ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے انسانی حقوق کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کی مدد کے لیے 100 سے زیادہ ممالک میں ابتدائی طور پر 100 ملین ڈالر سے زیادہ مالی وسائل تقسیم کرنے کی منظوری دی۔ ہم اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تمام کام کرتے ہیں کہ امریکہ کے لوگوں کو اندرون ملک ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے مساوی حقوق اور وقار یقینی بنانے کے لیے بہت سا کام کرنا ہے۔ پرائیڈ مہینہ مناتے ہوئے امریکی دفتر خارجہ دنیا بھر میں ایل جی بی ٹی کیو آئی+ افراد کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے عہد کی تجدید کرتا ہے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/commemorating-pride-month/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔