امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
یکم مارچ 2021
آج ہم امریکہ کی پیس کور کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس موقع پر ان رضاکاروں اور عملے کے ارکان کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے امریکی اقدار اور آدرشوں کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا بھر میں لوگوں کی خدمت کی ہے۔ 1961 میں صدر جان ایف کینیڈی کی قائم کردہ پیس کور امریکہ کی بہترین صورت اور عالمی سطح پر ہماری مسلسل موجودگی اور قیادت کی اہمیت کا اظہار ہے۔ پیس کور کے رضاکار ہمیں یہ دکھاتے ہیں کہ اپنی مثال کی طاقت سے قیادت کرنے کا کیا مطلب ہوتا ہے۔
پیس کور کے رضاکار خود کو مقامی ثقافت میں رنگ لیتے ہیں، وہ جن لوگوں کی خدمت کرتے ہیں ان کی زبانیں سیکھتے ہیں، طویل عرصہ تک قائم رہنے والی دوستیاں بناتے ہیں اور دنیا بھر میں امریکہ کے لوگوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وطن واپسی پر وہ دوسرے امریکیوں کے ساتھ اپنی داستانوں، تجربات اور مہارتوں کا تبادلہ کرتے ہیں اور اس طرح حاصل ہونے والی قابل قدر فراست سے لوگوں کو اپنے اہلخانہ، سماجی گروہوں اور کام کی جگہوں پر قائدانہ کردار ادا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ان حالات میں جبکہ کوویڈ-19 نے ایسے مسائل پیدا کیے ہیں جن کی پہلے کوئی مثال نظر نہیں آتی، میں جانتا ہوں کہ پیس کور کے تمام رضاکار جتنا جلد محفوظ طور سے ممکن ہو اپنی خدمات پر واپس لوٹنے کے مشتاق ہیں۔ ایسا کرتے ہوئے وہ ایک مرتبہ پھر امریکی اقدار کے ہمارے چند بہترین نمائندوں کی حیثیت سے اپنی جگہیں سنبھالیں گے اور انہوں نے جو کچھ سیکھا ہے وہ امریکہ واپسی پر اپنے ساتھ لائیں گے۔ دفتر خارجہ میں ہم شکر کرتے ہیں کہ دنیا بھر میں ہماری خارجہ ملازمت اور سول سروس سے وابستہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جو پیس کور میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اپنے ملک کے فائدے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔
میں اس اہم موقع پر امریکی پیس کور کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں!
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/60th-anniversary-of-the-peace-corps/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔