امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
26 اگست، 2020
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
آج کابل ایئرپورٹ کے قریب بم دھماکے اُن خطرناک حالات کی ہولناک یاد دہانی کراتے ہیں جن میں ہماری فوج کے ارکان اور سفارت کار افغانستان میں امریکہ کے 20 سالہ فوجی مشن کے اختتام کے وقت کام کر رہے ہیں۔ جیسا کہ صدر نے کہا، آج ہلاک ہونے والے ہماری فوج کے ارکان ہیرو ہیں۔ انہوں نے ہمارے غیرفوجی عملے، ہمارے اتحادیوں اور شراکت داروں کے غیرفوجی عملے، دیگر ممالک کے شہریوں اور تحفظ کے خواہاں افغانوں کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانیں دیں۔ اب تک 100,000 سے زیادہ لوگوں کو بحفاظت کابل سے نکالا جا چکا ہے۔ یہ اس اہم مشن میں کردار ادا کرنے والوں کی بہادری، مہارت اور لگن کا ثبوت ہے۔ ہمیں ان لوگوں کا دکھ ہے جنہیں آج ہم نے کھو دیا۔ ہم ان کے عزیزوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
ہمیں ان افغانوں کی جانوں کے ضیاع پر بھی دکھ ہے جو کسی اور جگہ ایک نئی زندگی شروع کرنے کا موقع ملنے کی امید میں ایئرپورٹ کے قریب جمع تھے۔ ہم 2001 سے اب تک افغانستان میں جانیں دینے والے امریکی فوج کے 2,300 سے زیادہ ارکان، اس جنگ میں زخمی ہونے والے 20,000 اہلکاروں، امریکہ کی اس طویل ترین جنگ میں خدمات انجام دینے والے 800,000 سے زیادہ فوجیوں اور اس لڑائی میں ہلاک و زخمی ہونے والے دیگر امریکیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
امریکی میرین دنیا بھر میں امریکہ کے سفارت خانوں اور سفارتی عملے کی حفاظت کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں تاکہ ہم امریکہ کے عوام کے لیے اپنا کام کر سکیں۔ حالیہ حملے کے بعد بھی اس وقت وہ کابل میں اپنا کام اسی طرح انجام دے رہے ہیں جس طرح وہ دنیا کے دوسرے ممالک میں کر رہے ہیں۔ وہ اپنا کام جاری رکھیں گے تاکہ ہم اس مشن کو مکمل کر سکیں۔
دفتر خارجہ میں ہم لوگوں ناصرف آج بلکہ روزانہ ان کے احسان کے مقروض ہیں۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/on-todays-terrorist-attacks-in-kabul/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔