وائٹ ہاؤس
17 مئی، 2021
جِل اور مجھے ہم جنس پرستوں، مخنثوں اور دو جنسی رحجانات رکھنے والوں سے نفرت کے خلاف عالمی دن مناتے ہوئے فخر ہے۔ یہ 1990 میں اس دن کی سالگرہ ہے جب عالمی ادارہ صحت نے ‘ہم جنسی میلان’ کو ذہنی امراض کی فہرست سے خارج کرنے کا قدم اٹھایا تھا۔ یہ ایسا کام تھا جو بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔
اس دن کے بعد اب تک ایل جی بی ٹی کیو آئی اور ایسے دیگر لوگوں (LGBTQI+) کے لیے بہت کچھ تبدیل ہو چکا ہے۔ یہ تبدیلی ناصرف ہمارے قوانین بلکہ امریکی لوگوں کے قلب و ذہن میں بھی آ چکی ہے۔ امریکہ اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے جرات مند کارکنوں نے ترقی کے لیے جدوجہد کی اور فتح پائی۔ امریکہ میں ہم جنس شادی کا حق اور نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف نمایاں تحفظ ملکی قانون بن چکے ہیں۔ بیرون ملک دوسری حکومتوں، سول سوسائٹی اور اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں نے بالاآخر یہ بات تسلیم کر لی ہے کہ ایل جی بی ٹی کیو آئی اور ایسے دیگر افراد (LGBTQI+) پورے وقار اور برابری کے حق دار ہیں۔
اس تمام پیش رفت کے باوجود کووڈ۔19 اور دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی آمریت ایل جی بی ٹی کیو آئی اور ایسے دیگر افراد (LGBTQI+) کے لیے معاشی، سماجی اور حفاظتی مسائل کو بڑھا رہی ہے اور تشدد کی وباء بدستور شدت سے حملہ کر ہے جس سے مخنث برادری خصوصاً رنگ دار مخنث خواتین اور لڑکیاں خاص طور سے متاثر ہو رہی ہیں۔ دنیا بھر میں قریباً 70 ممالک تاحال ہم جنس تعلقات کو جرم قرار دیتے ہیں۔ یہاں امریکہ کی 25 ریاستوں میں ایل جی بی ٹی کیو آئی اور ایسے دیگر (LGBTQI+) امریکیوں کو تاحال بنیادی تحفظ میسر نہیں ہے اور وہ رہائش، تعلیم اور سرکاری خدمات کے حصول میں امتیازی سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔
میری انتظامیہ ہمیشہ ایل جی بی ٹی کیو آئی اور ایسے دیگر (LGBTQI+) لوگوں کا ساتھ دے گی۔ پہلے ہی ہم ایسے امریکیوں کے خلاف بنائی گئی امتیازی پالیسیوں کو واپس لے چکے ہیں اور ہم نے ایل جی بی ٹی کیو آئی اور ایسے دیگر افراد (LGBTQI+) کی اپنی حکومت کے اعلیٰ ترین عہدوں پر تاریخی تعیناتیاں کی ہیں۔ ہم ان انتظامی احکامات پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہیں جو میں نے مساوات اور انصاف کو فروغ دینے کے لیے جاری کیے ہیں۔ میں کانگریس پر زور دے رہا ہوں کہ وہ مساوات کا قانون منظور کرے جو تمام امریکیوں کے لیے جنسی میلانات اور صنفی شناخت کی بنیاد پر اہم شہری حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گا۔
”تمام لوگ وقار اور مساوی سلوک کے حقدار ہیں خواہ وہ کوئی بھی ہوں، کسی سے بھی محبت کرتے ہوں اور کوئی بھی شناخت رکھتے ہوں ــ اور ہم اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر ناصرف اندرون ملک بلکہ دنیا میں ہر جگہ ایل جی بی ٹی کیو آئی اور ایسے دیگر لوگوں (LGBTQI+) کے انسانی حقوق کو فروغ دینے کا کام جاری رکھیں گے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/statements-releases/2021/05/17/statement-by-president-joseph-r-biden-jr-on-international-day-against-homophobia-transphobia-and-biphobia/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔