امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کا دفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
18 فروری، 2023
قانون اور دستیاب حقائق کے محتاط تجزیے کی بنیاد پر میں نے یہ تعین کیا ہے کہ روس کی افواج کے ارکان اور دیگر روسی حکام نے یوکرین میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ روس کی افواج کے ارکان نے یوکرین کے مردوں، خواتین اور بچوں کو سزائے موت دینے کے انداز میں قتل کیا، زیرحراست شہریوں مار پیٹ، بجلی کے جھٹکوں اور بناوٹی سزائے موت کے ذریعے تشدد کا نشانہ بنایا، ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور دیگر روسی حکام کے ساتھ مل کر یوکرین کے ہزاروں شہریوں کو زبردستی روس بھیجا جن میں بچے بھی شامل ہیں جنہیں ان کے خاندانوں سے جبراً علیحدہ کر دیا گیا ہے۔ یہ بلاارادہ یا اچانک ہونے والے واقعات نہیں بلکہ یہ یوکرین کی شہری آبادی کے خلاف کریملن کے وسیع اور منظم حملوں کا حصہ ہیں۔
ہم انسانیت کے خلاف جرائم کے تعین کو انتہائی سنگین جرائم کی ذیل میں رکھتے ہیں۔ آج اس تعین سے ماسکو کی جانب سے یوکرین کی شہری آبادی پر مسلط کیے جانے والے انسانی مصائب کی ہولناک شدت واضح ہوتی ہے۔ یہ تعین امریکہ کی جانب سے روس کی افواج کے ارکان اور دیگر روسی حکام کو یوکرین کے لوگوں کے خلاف ان کے مظالم پر جواب دہ ٹھہرانے کے مضبوط عزم کا اظہار بھی ہوتا ہے۔ ان جرائم پر کوئی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ ان جرائم کے تمام ذمہ داروں سے جواب طلبی ہونی چاہیے۔ جیسا کہ آج اس تعین سے ظاہر ہوتا ہے، امریکہ یوکرین کے لوگوں کے لیے انصاف کی جدوجہد کرے گا خواہ اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/crimes-against-humanity-in-ukraine/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔