امریکی دفتر خارجہ
ترجمان کادفتر
وزیر خارجہ اینٹنی جے بلنکن کا بیان
22 ستمبر، 2029
کریملن کا جعلی ریفرنڈم یوکرین کی سرزمین ہتھیانے کے نئے اقدام کو چھپانے کی بے کار کوشش ہے۔ واضح رہے کہ اس ریفرنڈم کے نتائج ماسکو میں تیار کیے گئے اور یہ یوکرین کے لوگوں کی خواہش کے عکاس نہیں ہیں۔ امریکہ ایسے جعلی ریفرنڈم کے جواز یا نتیجے، یا روس کی جانب سے یوکرین کے علاقے کا سوچے سمجھے بغیر الحاق تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی کبھی کرے گا۔ روس کے آلہء کاروں کی جانب سے کیا گیا یہ اقدام غیرقانونی اور بین الاقومی قانون کی پامالی ہے۔ یہ عالمی امن و سلامتی سے متعلق اصولوں کی توہین ہے۔
روس نے اپنے زیرقبضہ بیشتر علاقوں کی آبادی کو وہاں سے نکلنے اور علاقے میں بدستور موجود لوگوں کو ان کے تحفظ اور ان کے عزیزوں کی سلامتی کا خوف دلا کر بندوق کے زور پر ووٹ کاسٹ کرنے پر مجبور کیا۔ یوکرین کے لوگوں نے ایک آزاد اور جمہوری مستقبل کے لیے اپنی خواہش کا تواتر سے اظہار کیا ہے۔ وہ اپنے ملک کو بدستور آزاد اور خودمختار دیکھنا چاتہے ہیں۔ ان کے سپاہی بہادری سے لڑ رہے ہیں اور یوکرین میں روس کے زیر تسلط یا زیر قبضہ علاقوں کے لوگ یوکرین کی بین الاقومی سطح پر تسلیم شدہ عالمی سرحدوں کو تبدیل کرنے کے لیے ماسکو کی کوشش کے خلاف مزاحم ہیں۔
امریکہ اور ہمارے اتحادی اور شراکت دار یوکرین کو روس کی جارحیت کے خلاف اپنے علاقے کے دفاع کی جنگ کے لیے مدد کی فراہمی جاری رکھیں گے۔ ہم بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر یوکرین کے اتحاد، خودمختاری، آزادی اور اس کی زمینی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ جیسا کہ صدر بائیڈن کہہ چکے ہیں، ہم ان علاقوں کو یوکرین کے علاوہ کسی اور ملک کا حصہ کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور جب تک ضرورت رہی یوکرین کی مدد کرتے رہیں گے۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: : https://www.state.gov/russias-sham-referenda-in-ukraine/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہےاور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔