وائٹ ہاؤس
23 فروری، 2022
آج رات پوری دنیا یوکرین کے لوگوں کے لیے دعائیں کر رہی ہے جنہیں روس کی افواج کی جانب سے بلا اشتعال اور بلا جواز حملے کا سامنا ہے۔ صدر پوٹن نے سوچی سمجھی جنگ کا انتخاب کیا ہے جس سے انسانی زندگی تباہ کن نقصان اور تکالیف سے دوچار ہو گی۔ اس حملے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کا روس اکیلا ذمہ دار ہے اور امریکہ اور اس کے اتحادی اور شراکت دار اس کا متحدہ اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے۔ دنیا روس سے جواب طلبی کرے گی۔
میں آج شام وائٹ ہاؤس سے صورت حال کی نگرانی کروں گا اور اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کی جانب سے مسلسل تازہ ترین معلومات سے آگاہی لیتا رہوں گا۔ میں کل صبح جی7 ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کروں گا اور اس کے بعد امریکی عوام سے خطاب میں یہ بتاؤں گا کہ روس کی جانب سے یوکرین اور عالمی امن و سلامتی کے خلاف اس بلا جواز جارحیت پر امریکہ اور ہمارے اتحادی اور شراکت دار کون سے جوابی اقدامات کر رہے ہیں۔ ہم اپنے نیٹو اتحادیوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہیں گے تاکہ اتحاد کے خلاف کسی جارحیت کو روکنے کے لیے مضبوط اور متحدہ ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔ آج جِل اور میں یوکرین کے بہادر اور فخریہ لوگوں کے لیے دعا کر رہے ہیں۔
اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.whitehouse.gov/briefing-room/statements-releases/2022/02/23/statement-by-president-biden-on-russias-unprovoked-and-unjustified-attack-on-ukraine/
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔